ماہرین کے مطابق پودینے کا تیل بلڈ پریشر کنٹرول کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ تاہم، ان کا کہنا ہے کہ اسے بلڈ پریشر کے باقاعدہ علاج کا متبادل نہیں سمجھنا چاہیے۔
سائنس ڈیلی کے مطابق برطانیہ کی یونیورسٹی آف لنکاشائر کے محققین نے 40 بالغ افراد کا جائزہ لیا۔ ان کا بلڈ پریشر معمول سے بلند تھا یا وہ ہائی بلڈ پریشر کے ابتدائی مرحلے میں تھے۔
شرکاء کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا۔ ایک گروپ کو روزانہ 100 مائیکرو لیٹر پودینے کا تیل دو خوراکوں میں پانی میں ملا کر دیا گیا۔ دوسرے گروپ کو پودینے کے ذائقے والا محلول دیا گیا، جس میں تیل کے فعال اجزاء نہیں تھے۔
جرنل پلوس ون میں شائع تحقیق کے مطابق 20 دن بعد پہلے گروپ کے بلڈ پریشر میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔ دوسرے گروپ کے مقابلے میں ان کا اوپری بلڈ پریشر اوسطاً 8.5 ملی میٹر مرکری کم تھا۔ نچلا بلڈ پریشر بھی 4.6 ملی میٹر مرکری کم تھا۔
ماہرین کے مطابق بلڈ پریشر کے مریض ڈاکٹر کی تجویز کردہ ادویات باقاعدگی سے استعمال کریں۔ پودینے کے تیل کو طبی مقاصد کے لیے استعمال کرنے سے پہلے بھی ڈاکٹر سے مشورہ ضرور کریں۔