فضائی آلودگی میں موجود دھاتوں کے باریک ذرات دمے کی شدت بڑھا سکتے ہیں۔ برطانوی محققین نے پہلی بار اس عمل کا ایک اہم حیاتیاتی طریقہ شناخت کیا ہے۔
جریدے ای بائیو میڈیسن میں شائع یہ تحقیق کنگز کالج لندن اور کارڈف یونیورسٹی کے محققین نے کی۔ اس کے مطابق آلودگی کے ذرات سانس کی نالیوں میں موجود کیلشیم سینسنگ ریسیپٹر (CaSR) کو متحرک کرتے ہیں۔ نتیجتاً سانس کی نالیوں میں سوزش بڑھتی ہے اور وہ سکڑنے لگتی ہیں۔
انسانی پھیپھڑوں کے ٹشوز اور خلیوں پر تجربات میں اس ریسیپٹر کی سرگرمی روکنے والی ادویات مؤثر پائی گئیں۔ ماحولیاتی اور طبی اعدادوشمار میں بھی آلودگی میں موجود دھاتوں اور دمے کی شدت کے درمیان تعلق سامنے آیا۔
ماہرین کے مطابق یہ دریافت دمے کے علاج کے لیے نئی ادویات کی تیاری میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ تاہم انہیلر کی شکل میں ان کی تیاری اور مریضوں پر آزمائش ابھی باقی ہے۔