چینی سائنس دانوں نے مسوڑھوں کی بیماری کے علاج کے لیے دوہرا اثر رکھنے والا تجرباتی طریقہ متعارف کرایا ہے۔ یہ جراثیم اور سوزش کم کرنے کے ساتھ دانتوں کو سہارا دینے والی ہڈیوں کے تحفظ میں بھی مددگار ہے۔
سائنسی ویب سائٹ ’’سائنس ٹیک ڈیلی‘‘ کے مطابق سیچوان یونیورسٹی کے محققین نے ڈی این اے سے انتہائی باریک ساخت بنائی۔ اس کے ذریعے ہلدی میں موجود مرکب کرکیومن اور جراثیم کش پیپٹائڈ ڈیفینسن کو متاثرہ ٹشوز تک پہنچایا گیا۔
جریدے ’’انٹرنیشنل جرنل آف اورل سائنس‘‘ میں شائع تحقیق میں چوہوں پر اس طریقے کے تجربات حوصلہ افزا رہے۔ اس سے ہڈیوں کو پہنچنے والے نقصان میں کمی آئی جبکہ نئی ہڈی بننے کے عمل میں بہتری دیکھی گئی۔
مسوڑھوں کی شدید بیماری (Periodontitis) بالغ افراد میں دانت ضائع ہونے کی اہم وجوہات میں شامل ہے۔ نئے طریقہ علاج کی افادیت اور اس کے محفوظ ہونے کی جانچ کے لیے انسانوں پر طبی آزمائشیں ابھی باقی ہیں۔