بازوؤں اور ٹانگوں میں پٹھوں، اعصاب اور خون کی رگوں کے گرد مضبوط جھلی ہوتی ہے۔ یہ جھلی انہیں مخصوص حصوں میں تقسیم کرتی ہے، جنہیں کمپارٹمنٹ کہتے ہیں۔ کرانک ایکسرشنل کمپارٹمنٹ سنڈروم (Chronic Exertional Compartment Syndrome) ورزش کے دوران پٹھوں اور اعصاب کو متاثر کرنے والی کیفیت ہے۔ اس میں بازوؤں یا ٹانگوں کے پٹھوں میں دباؤ بڑھ جاتا ہے۔ اس کے باعث درد، سوجن اور بعض اوقات حرکت میں دشواری ہوتی ہے۔
علامات
پنڈلی میں چار کمپارٹمنٹس ہوتے ہیں۔ کرانک ایکسرشنل کمپارٹمنٹ سنڈروم اکثر دونوں ٹانگوں کے ایک جیسے حصوں کو متاثر کرتی ہے۔ اس کی اہم علامات میں شامل ہیں:
٭ متاثرہ حصے میں درد، جلن یا کھچاؤ
٭ متاثرہ عضو میں سختی یا تناؤ
٭ سن ہونا یا سوئیاں چبھنے کا احساس
٭ متاثرہ عضو میں کمزوری
٭ شدید صورت میں پاؤں اٹھانے میں دشواری
اس کیفیت میں درد کی نوعیت عموماً یوں ہوتی ہے:
٭ ورزش کے مخصوص دورانیے، فاصلے یا شدت تک پہنچنے کے بعد درد شروع ہونا
٭ ورزش جاری رکھنے سے درد بتدریج بڑھنا
٭ سرگرمی روکنے کے 15 منٹ کے اندر درد کم یا مکمل ختم ہونا
٭ وقت گزرنے کے ساتھ درد ختم ہونے میں زیادہ وقت لگنا
ڈاکٹر سے کب رجوع کریں
اگر ورزش یا کھیل کے دوران بار بار غیرمعمولی درد، سوجن، کمزوری یا سن ہونے کی شکایت ہو تو ڈاکٹر سے رجوع کریں۔
اگر درد اچانک شدید ہو جائے اور آرام کرنے سے بھی کم نہ ہو تو فوری طبی مدد حاصل کریں۔
وجوہات
کرانک ایکسرشنل کمپارٹمنٹ سنڈروم کی اصل وجہ واضح نہیں۔ ورزش کے دوران پٹھوں کا حجم بڑھ جاتا ہے۔ بعض افراد میں پٹھوں کے گرد موجود جھلی (Fascia) مناسب طور پر پھیل نہیں پاتی۔ اس کے نتیجے میں پٹھوں کے اندر دباؤ بڑھتا اور درد ہوتا ہے۔
ورزش کے دوران جسمانی حرکت کا غلط انداز اور پٹھوں کا غیرمعمولی طور پر پھولنا بھی ممکنہ وجوہات ہیں۔ ان میں جھلی کا سخت ہونا اور خون کی رگوں میں دباؤ بڑھنا بھی شامل ہیں۔
خطرے کے عوامل
بعض عوامل اس کیفیت کا خطرہ بڑھاتے ہیں:
عمر: یہ کیفیت 30 سال سے کم عمر کھلاڑیوں میں زیادہ عام ہے
ورزش کی نوعیت: دوڑنے اور بار بار ایک جیسی جسمانی حرکات کرنے والوں میں اس کا خطرہ زیادہ ہے
ضرورت سے زیادہ ورزش: بہت زیادہ یا شدید ورزش کرنے سے اس کیفیت کا خطرہ بڑھ جاتا ہے
پیچیدگیاں
کرانک ایکسرشنل کمپارٹمنٹ سنڈروم جان لیوا کیفیت نہیں، اور عموماً مستقل نقصان کا باعث نہیں بنتی۔ تاہم، درد، کمزوری اور سن ہونے کی شکایت کھیلوں اور ورزش کی سرگرمیاں جاری رکھنے میں رکاوٹ بنتی ہے۔
تشخیص
طبی معائنے کے علاوہ تشخیص کے لیے یہ ٹیسٹ کیے جا سکتے ہیں:
ایم آر آئی: اس میں پٹھوں کی ساخت کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ جدید ایم آر آئی سے پٹھوں کے مخصوص حصوں میں مائع کی مقدار بھی جانچی جاتی ہے۔
نیئر انفراریڈ سپیکٹروسکوپی (NIRS): اس ٹیسٹ میں متاثرہ ٹشوز تک خون کے ذریعے پہنچنے والی آکسیجن کی سطح کی پیمائش کی جاتی ہے۔ یہ ٹیسٹ آرام اور جسمانی سرگرمی کے بعد کیا جاتا ہے۔ اس سے متاثرہ حصے میں خون کی ناکافی روانی کا اندازہ لگانے میں مدد ملتی ہے
کمپارٹمنٹ میں دباؤ کی پیمائش
اگر امیجنگ ٹیسٹ سے ہڈی میں دراڑ یا درد کی کوئی دوسری وجہ سامنے نہ آئے تو مزید جانچ ضروری ہے۔ ڈاکٹر پٹھوں کے مخصوص حصے میں دباؤ کی پیمائش تجویز کر سکتا ہے۔ اس ٹیسٹ کو کمپارٹمنٹ پریشر میژرمنٹ کہتے ہیں۔ اسے اس کیفیت کی تشخیص کا سب سے مستند طریقہ سمجھا جاتا ہے۔ اس میں ورزش سے پہلے اور بعد میں پٹھے میں سوئی یا باریک نلکی داخل کرکے دباؤ ماپا جاتا ہے۔
علاج
کرانک ایکسرشنل کمپارٹمنٹ سنڈروم کا علاج بغیر سرجری اور سرجری دونوں طریقوں سے کیا جاتا ہے۔ بغیر سرجری کے علاج سے عموماً اسی صورت میں فائدہ ہوتا ہے جب مسئلے کا سبب بننے والی سرگرمی روکی جائے۔ اس سرگرمی کو نمایاں طور پر کم کرنا بھی فائدہ مند ہے۔
بغیر سرجری کے علاج
ڈاکٹر ابتدائی طور پر یہ طریقے تجویز کر سکتا ہے:
٭ درد کم کرنے والی ادویات
٭ فزیو تھراپی
٭ جوتوں میں استعمال ہونے والے خصوصی انسولز
٭ مالش
٭ کچھ عرصے کے لیے مسئلے کا سبب بننے والی ورزش سے پرہیز
٭ دوڑتے وقت پاؤں زمین پر رکھنے کے انداز میں تبدیلی
ٹانگوں کے پٹھوں میں بوٹولینم ٹاکسن کے انجیکشنز بھی دباؤ کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ تاہم، اس طریقہ علاج پر ابھی تحقیق محدود ہے۔
سرجری کے ذریعے علاج
فیشیوٹومی (Fasciotomy) اس کیفیت کا سب سے مؤثر سرجیکل علاج ہے۔ اس میں پٹھوں کے گرد موجود سخت جھلی کو چیرا لگا کر کھولا جاتا ہے۔ اس طرح پٹھوں کے اندر دباؤ کم ہو جاتا ہے۔
بعض اوقات یہ سرجری چھوٹے کٹس کے ذریعے بھی کی جاتی ہے۔ اس سے صحت یابی کا دورانیہ کم اور معمول کی سرگرمیوں میں جلد واپسی ممکن ہوتی ہے۔
اگرچہ زیادہ تر افراد کو سرجری سے فائدہ ہوتا ہے، تاہم اس میں بھی کچھ خطرات ہیں۔ بعض افراد میں علامات مکمل طور پر ختم نہیں ہوتیں۔
سرجری کی ممکنہ پیچیدگیوں میں شامل ہیں:
٭ انفیکشن
٭ اعصاب کو مستقل نقصان
٭ سن ہونے کی کیفیت
٭ کمزوری
٭ نیل پڑنا
٭ زخم کے نشان رہ جانا
Frequently Asked Questions (FAQs)
کرانک ایکسرشنل کمپارٹمنٹ سنڈروم کیا ہے؟
یہ ورزش کے دوران پٹھوں کے مخصوص حصوں میں دباؤ بڑھنے کی کیفیت ہے۔ اس کے باعث درد، سوجن اور کمزوری ہوتی ہے۔
کیا یہ کیفیت صرف کھلاڑیوں میں ہوتی ہے؟
نہیں، یہ کسی بھی شخص کو متاثر کر سکتی ہے۔ تاہم، نوجوان کھلاڑیوں اور دوڑنے والوں میں زیادہ عام ہے۔
کرانک ایکسرشنل کمپارٹمنٹ سنڈروم کا علاج کیا ہے؟
ابتدائی طور پر ورزش میں تبدیلی، فزیکل تھراپی اور ادویات تجویز کی جاتی ہیں۔ ضرورت پڑنے پر فیشیوٹومی سرجری کی جاتی ہے۔
نوٹ: یہ مضمون صرف قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ مزید معلومات کے لیے شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے ڈاکٹرز سے رجوع کریں۔
ڈاکٹر سے رابطے کے لیے لنک پر کلک کریں ⬇️
https://www.shifa.com.pk/find-a-doctor?speciality=orthopedic