امریکی ماہرین نے مینوپاز کی علامات کے علاج کی گائیڈلائنز تقریباً 12 سال بعد اپ ڈیٹ کردی ہیں۔ ان علامات میں اچانک گرمی لگنے، رات کو پسینہ آنے، نیند کی خرابی اور مزاج کی تبدیلیوں کا علاج شامل ہے۔
اے پی کے مطابق یہ گائیڈلاینز امریکن کالج آف آبسٹیٹریشنز اینڈ گائناکالوجسٹس نے جاری کی ہیں۔ ماہرین نے خواتین پر زور دیا کہ روزمرہ زندگی متاثر کرنے والی علامات پر ڈاکٹر سے بات کریں۔
نئی گائیڈلائنز میں موزوں خواتین کے لیے ہارمون تھراپی تجویز کی گئی ہے۔ اس سے اچانک گرمی لگنے اور اس سے متعلق نیند کی خرابی کم ہو سکتی ہے، تاہم یہ ہر خاتون کے لیے موزوں نہیں۔ علاج کا انتخاب عمر، میڈیکل ہسٹری اور انفرادی فوائد و خطرات دیکھ کر کیا جانا چاہیے۔
مینوپاز کی علامات کے لیے نان ہارمونل ادویات اور نفسیاتی علاج کے طریقے بھی دستیاب ہیں۔ ان میں علامات سے نپٹنے کے لیے سوچ اور رویوں میں تبدیلی کی تھراپی شامل ہے۔ ماہرین کے مطابق علاج کا فیصلہ خاتون کی ضروریات اور ترجیحات کو سامنے رکھ کر ہونا چاہیے۔