اسلام آباد میں بیماریوں کی نگرانی اور ہیلتھ سروسز بہتر بنانے کے لیے نیا ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا گیا ہے۔ اس کے تحت صحت کے مختلف پروگراموں کا ڈیٹا ایک ہی پلیٹ فارم پر جمع کیا جائے گا۔
اے پی پی کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس اسلام آباد نے ڈی ایچ آئی ایس ٹو (DHIS2) کا آغاز کیا ہے۔ وزارت صحت کے ایڈیشنل سیکرٹری لائق احمد نے ڈیجیٹل نظام کا افتتاح کیا۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سیدہ راشدہ بتول کے مطابق صحت کے تمام پروگرام اس نظام سے منسلک کیے جائیں گے۔ اہم طبی اعدادوشمار ایک ہی سکرین پر دیکھنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ مستقبل میں مریضوں کا میڈیکل ریکارڈ بھی مرحلہ وار ڈیجیٹل شکل میں منتقل کرنے کا منصوبہ ہے۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد طبی اعدادوشمار کا معیار اور ہیلتھ سروسز بہتر بنانا ہے۔ اس سے بیماریوں کی مؤثر نگرانی اور بروقت فیصلوں میں بھی مدد ملے گی۔