ماہرین کے مطابق ہڈیوں کی مضبوطی کے لیے محض ورزش نہیں بلکہ اس کی نوعیت اور شدت بھی اہم ہے۔ ہنگری میں ہونے والی ایک تحقیق میں مختلف ورزشوں کے ہڈیوں کی صحت پر اثرات کا جائزہ لیا گیا۔
سائنسی جریدے ’’سپورٹس میڈیسن اوپن‘‘ میں شائع تحقیق سیملوائس یونیورسٹی کے محققین نے کی۔ انہوں نے 24 سٹڈیز کا تجزیہ کیا، جن میں مجموعی طور پر 1,238 صحت مند بالغ افراد شامل تھے۔
نتائج کے مطابق فٹ بال اور ہینڈ بال جیسے کھیلوں کے ہڈیوں کی تشکیل سے متعلق حیاتیاتی اشاریوں پر زیادہ مثبت اثرات سامنے آئے۔ ان اشاریوں میں 46 فیصد تک اضافہ دیکھا گیا۔ یہ اشاریے ہڈیوں کے نئے ٹشوز کی تشکیل کی نشاندہی کرتے ہیں۔ ان کھیلوں میں اچانک رفتار بڑھانا، سمت بدلنا اور تیزی سے مڑنا مشترک ہیں۔
چہل قدمی، جاگنگ اور وزن اٹھانے کی ورزشوں کے ان اشاریوں پر اثرات نسبتاً کم تھے۔ تاہم یہ ورزشیں بھی ہڈیوں اور مجموعی صحت کے لیے فائدہ مند ہیں۔ محققین کے مطابق ورزش کا انتخاب اپنی عمر، صحت اور جسمانی استعداد کے مطابق کریں۔
محققین کے مطابق ہڈیوں، جوڑوں یا دل کے مریض زیادہ شدت والی ورزش شروع کرنے سے پہلے ڈاکٹر سے مشورہ کریں۔