Vinkmag ad

شوگر کے مریضوں کا روزہ

ذیابیطس کے مریضوں کے لیے کھانا ہی نہیں، اس کے اوقات بھی اہمیت رکھتے ہیں۔ روزے میں طویل دورانیے کے لیے کھانے پینے سے پرہیز کیا جاتا ہے۔ اس وجہ سے ذیابیطس کے مریضوں میں شوگر کی سطح خطرناک حد تک گر سکتی ہے۔ دوسری جانب افطاری میں اچانک زیادہ مقدار میں کھانے سے اس کی سطح میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ یہ دونوں صورتیں ذیابیطس کے مریضوں کے لیے پیچیدگیاں پیدا کر سکتی ہیں۔ ایسے میں شوگر کے مریضوں کا روزہ رکھنا صحیح ہے یا نہیں۔ کیا وہ روزہ رکھ بھی سکتے ہیں یا نہیں، یہ جاننے کے لیے انہیں رمضان سے پہلے ہی ڈاکٹر سے مشورہ کرنا چاہیے۔

کون سے مریض روزہ نہ رکھیں

جن کی شوگر کنٹرول میں نہ ہو یا وہ افراد جنہیں گردوں کی خرابی کا بھی مسئلہ ہو وہ روزے نہ رکھیں۔ اس کے علاوہ یہ افراد بھی روزہ نہ رکھیں:

٭جن کے خون میں شوگر کی سطح اور ان کا وزن زیادہ ہو۔ وہ انسولین کے علاوہ اعصابی ادویات بھی استعمال کرتے ہوں۔

٭ایسی حاملہ خواتین جنہیں ذیابیطس ہو۔

٭ایسے مریض جو ذیابیطس کی وجہ سے پیچیدگیوں میں مبتلا ہوں۔

٭ذیابیطس میں مبتلا بچوں کو بھی روزہ نہ رکھنے دیا جائے۔

٭ہائپوگلیسیما کے مریض۔

کون سے مریض روزہ رکھ سکتے ہیں

خود سے روزہ رکھنے کا فیصلہ کرنے کے بجائے پہلے ڈاکٹر کو دکھائیں۔ عمومی طور پر وہ مریض روزہ رکھ سکتے ہیں جن کی عمر 20 سال سے زیادہ ہو۔ وزن نارمل ہو، کسی شدید قسم کی بیماری یا پیچیدگی میں مبتلا نہ ہوں اور ان کا شوگر لیول کنٹرول میں ہو۔

جن مریضوں کو روزے کی اجازت ہو وہ ان تجاویز پر عمل کریں:

٭سحری کے چند گھنٹوں بعد ہی خون میں شوگر کی سطح 70 سے کم ہو جائے اور سحری میں انسولین یا گولیاں استعمال کی ہوں تو روزہ توڑ دیں۔

٭روزہ رکھنے سے پہلے ایسی غذا زیادہ استعمال کریں جو ہضم ہونے میں زیادہ وقت لے۔ فائبر کی حامل غذائیں دیر سے ہضم ہوتی ہیں۔

٭پانی کی کمی سے بچنے کے لیے چینی کے بغیر سکواش، پھل، جوس، پانی یا دودھ پیئیں۔

٭روزہ کھولتے وقت میٹھی اور تلی ہوئی اشیاء بہت کم مقدار میں کھائیں۔ کھانا پکانے میں بھی کم تیل استعمال کریں۔

٭جس قدر ممکن ہو، سحری دیر سے کریں۔ بغیر سحری کے روزہ نہ رکھیں۔

رمضان میں صبح کی ادویات کی مقدار عام طور پر افطار کے وقت اور شام کی ادویات سحری کے وقت استعمال کی جاتی ہیں۔ یہ تبدیلی صرف دواؤں کے لیے ہے۔ انسولین کی مقدار اور اوقات کا تعین ڈاکٹر کے مشورے کے بعد ہی کریں۔

Vinkmag ad

Read Previous

روزے کے فوائد

Read Next

دل کے مریض روزہ رکھیں یا نہیں

Most Popular