Vinkmag ad

چستی اور لطف‘ جسمانی اور ذہنی صحت کے لئے کھیلئے۔۔۔۔بیڈمنٹن

(طیب سہیل)
بیڈمنٹن ایک بہت سی آسان‘پرلطف اورصحت افزاءکھیل ہے۔اس میں چونکہ بھاگ دوڑ زیادہ ہوتی ہے‘ اس لیے اس سے جسمانی لچک میں اضافہ اورجسم کی چربی پگھلانے یعنی وزن گھٹانے میں مدد ملتی ہے۔ایک گھنٹے کے کھیل سے آپ کم از کم 450کیلوریز جلا سکتے ہیں۔نیز یہ کھیل ٹانگوں‘بازوﺅں اور کمرکے پٹھوں کو مضبوط کرنے میں بھی مدد دیتا اور بہت سی بیماریوں مثلاًہائی بلڈ پریشر‘موٹاپے اور شوگر سے بھی بچا سکتا ہے۔
بیڈمنٹن ‘کھلاڑی کی جسمانی ہی نہیں‘ اس کی ذہنی صحت کے لیے بھی مفید ہے کیونکہ اسے کھیل کر ذہن پرسکون ہوتا ہے ‘تناﺅ اور اضطراب میں کمی اور موڈ میں بہتری واقع ہوتی ہے۔اس طرح اس کی تخلیقی صلاحیتوں میں بھی اضافہ ہوتا ہے ۔کھیل کوتوجہ مرکوز کرنے میں بھی معاون سمجھا جاتا ہے کیونکہ اس میں اپنے مخالف‘اس کے شاٹس اورشٹل پر توجہ مسلسل نظر رکھنا ہوتی ہے۔یہ سمجھنے اور بروقت فیصلہ کرنے کی صلاحیت بھی بڑھاتی ہے‘ اس لئے کہ مخالف کو ہرانے کے لیے سوچ سمجھ کر گیم کرنا ہوتی ہے اورذرا سی غلطی آپ کو کھیل سے باہر کر سکتی ہے۔
چندبنیادی ‘مگر اہم باتیں
جیسا کہ سب جانتے ہیں‘ یہ کھیل ریکٹ اور شٹل سے کھیلا جاتا ہے اور اس کے لیے چوکور شکل کا کورٹ درکار ہوتا ہے۔اگر اس کی سہولت موجود ہو تو بہترین ہے ورنہ اسے گھر کی چار دیواری میں بھی کھیلا جا سکتا ہے ۔اسے کھیلنے کے لئے چند ضروری باتیں درج ذیل ہیں:
ریکٹ پکڑنے کا طریقہ
سب سے پہلے یہ جاننا اہم ہے کہ ریکٹ کو پکڑا کیسے جاتا ہے‘اس لئے کہ جیت کا 50فی صددارومدار اسی پر ہے۔
ریکٹ کو پکڑنے کے لیے ہینڈل کے درمیان سے پکڑنا بہتر ہے‘ بالکل ایسے جس طرح کسی سے ہاتھ ملایاجاتا ہے ۔غلط طریقے سے پکڑا گیا ریکٹ کلائی کے درد میں مبتلا کر سکتا ہے۔ نیز اس کے لیے صرف انگوٹھے‘شہادت کی اور درمیان والی انگلی کا استعمال کریں۔کچھ لوگ اسے کونے سے پکڑتے ہیں جو درست نہیں ۔ ریکٹ کو بہت سختی سے بھی نہیں پکڑنا چاہئے ۔
بیڈمنٹن سٹروک
اچھے اور درست سٹروک دینا بیڈمنٹن کا کھیل جیتنے کے لیے اہم ہے۔بنیادی سٹروک ہمیشہ کسی ماہر سے سیکھ کر شروع کرنے چاہئےں کیونکہ ایک دفعہ غلط سٹروک لگانے کی عادت بن جائے تو اسے ختم کرنا انتہائی مشکل ہو تاہے۔
شروع میںبیڈمنٹن کی شاٹ بھی سیدھے رہ کر دی جاتی ہے ۔اس کے لیے ریکٹ کو موڑنا یا ترچھا نہیں پکڑنا چاہئے۔نیزپہلی مرتبہ کھیلنے والے کو چاہئے کہ وہ کمرے یعنی کورٹ کے اندر رہ کر کھیل سیکھیں کیونکہ کورٹ میں ہوا کا دباﺅ اس طرح نہیں ہوتا جیسے باہر ہوتا ہے۔جس سے شٹل اور ریکٹ کو سنبھالنا آسان ہو جاتا ہے۔ اگر ایسا ممکن نہ ہو تو بیڈمنٹن باہر بھی کھیلا جا سکتا ہے مگر شروع میں اسے ہوا کے دباﺅ کے ساتھ سیکھنا تھوڑا مشکل ہو سکتا ہے۔
کھیل کی ابتدا آہستہ ہونی چاہئے تاکہ نیا کھلاڑی شٹل کو پکڑنااور درست شاٹ دینا عمدگی سے سیکھ سکے۔ ابتدا میں کھلاڑی کوکبھی سمیش(smash)بھی نہیں دینا چاہئے کیونکہ اس سے اس کی آنکھ میں شٹل لگنے کا خطرہ ہو سکتا ہے۔اس کھیل کو دو یا چار کھلاڑی کھیل سکتے ہیں ۔
کھیل میں پوائنٹ حاصل کرنے کے لیے شٹل کو اپنے مخالف کی جانب پھینکا جاتا ہے۔اس میںعمومی طور پر تین سیٹ ہوتے ہیں اور ہر سیٹ کے 15‘15پوائنٹس ہوتے ہیں۔ سیکھنے کے مراحل میں کھلاڑی کو سیدھی اور آسان شاٹس دینی چاہئیں اور کھیل کی خصوصی شاٹس (tricks)سے گریز کرنا بہتر ہے۔
فٹ ورک
فٹ ورک ‘ کھیل کے دوران کورٹ میں کھڑے ہونا یا پاﺅں کا درست استعمال کرنا ہے۔یہ کھیل پھرتی سے کھیلاجاتاہے اورآپ جتنی پھرتی سے شٹل تک پہنچتے ہیں‘آپ کی جیت کے امکانات اتنے ہی زیادہ ہوتے ہیں۔ فٹ ورک اتنا آسان نہیں ہے‘ خصوصاً اس وقت جب کھلاڑی کے لیے باقاعدہ کورٹ کی سہولت موجود نہ ہو تاہم اسے پریکٹس سے سیکھا جا سکتا ہے۔ اچھے فٹ ورک کے لیے بیڈمنٹن کے لئے مخصوص جوتوں کا استعمال کریں تاکہ پاﺅں کی چوٹ یا فریکچرسے بچا جا سکے۔
یہ کھیل آسان اور سیدھا ہے جسے گھریلو خواتین سے لے کر دفتر میں کام کرنے والے افراد‘ سبھی یکساں طور پرباآسانی سیکھ سکتے ہیں۔ اس میں مہارت حاصل کرنے کے لیے اپنی فٹنس پر توجہ دینا بہت ضروری ہے‘اس لیے کہ بیڈمنٹن کورٹ میں چست اور پھرتیلے افراد زیادہ کامیاب رہتے ہیں۔اپنی فٹنس کو قائم رکھنے کے لیے آپ جاگنگ‘رسی کودنا اورتیراکی وغیرہ کر سکتے ہیں۔
یاد رکھئے کہ یہ کھیل جسمانی پھرتی ‘صلاحیت اور ذہنی توجہ سے جیتا جاتا ہے۔اس کے لیے قیمتی ریکٹ‘کورٹ یاشٹل سے زیادہ ان کا درست استعمال سیکھنا ضروری ہے۔علاوہ ازیں ریکٹ اور شٹل خریدتے وقت اپنے کوچ یا کسی ماہر سے مشورہ ضرور کریں۔

Vinkmag ad

Read Previous

چار میوے‘چار خوبیاں

Read Next

خون کا ایک اہم ٹیسٹ۔۔پرو ٹائم ٹیسٹ

Most Popular