Vinkmag ad

رمضان کی برکتیں

    ایک بار پھر سال کا وہ وقت آن پہنچاہے جب دنیا بھر کے مسلمان پورا مہینہ اللہ کی رضا کے لئے روزے رکھتے ہیں۔رمضان کے روزے محض کھانے پینے (سحر سے افطار تک)سے اجتناب کا نام نہیں بلکہ اس میں دیگر دنیاوی لذتوں سے پرہیز بھی شامل ہے۔ اس کااصل مقصد صبر، برداشت ،تقویٰ اورہمدردی پیدا کرناہے ۔ایک اسلامی سکالر کے مطابق روزے کے تین اہم مدارج ہیں جن میں سے پہلاعام،دوسراخاص اورتیسرا غیر معمولی ہیں۔ ہم میں سے ہر ایک کو چاہئے کہ روزے کا غیر معمولی معیار حاصل کرنے کی کوشش کریں جس میں فرد کی سوچ،اعمال اور خواہشات کا رخ اللہ کی رضا کی جانب ہوجاتا ہے ۔

بلا شبہ اگر روزہ اس کی اصل روح کے مطابق رکھا جائے تو یہ اپنے اندر جسمانی،ذہنی اور روحانی صحت کے بے شمار فوائد رکھتاہے۔جہاں تک اس کے جسمانی فوائد کا تعلق ہے تو
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ روزہ معدے کے لیے ایک قسم کے ’وقفے ‘ کا کام دیتا ہے۔اس دوران جسم سے زہریلے مادوں کے اخراج میں مدد ملتی ہے۔ ریسرچ سے یہ بات بھی ثابت ہوئی ہے کہ روزے سے وزن میں کمی کے علاوہ بلڈ گلوکوز،بلڈ کولیسٹرول اور بلڈ پریشر بھی بہتر ہوتا ہے ۔تاہم ہمارے کلچر میں بہت سے افراد اس ماہ میں بھی معدے کو یہ ضروری وقفہ نہیں دیتے جس کی وجہ سے وہ روزے کے صحت سے متعلق فوائد سے محروم رہتے ہیں ۔

رمضان کے مہینے میں لوگوں کو عموماًجو طبی شکایات پیدا ہوتی ہیں ‘ ان میں وزن کا بڑھنا،جسمانی کمزوری،سینے کی جلن،اپھارہ،اسہال اور قبض نمایاںہیں۔مزیدبرآں مریضوں کو اپنے شوگر ، بلڈ پریشر اور کولیسٹرول لیول کو متوازن رکھنے میں بھی مشکل کا سامنا رہتا ہے۔ان کی سطح بھی نیچے آجاتی ہے تاہم اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ ہم کیا اور کتنا کھاتے ہیں۔
رمضان سے بھرپور طور پر فائدہ اٹھانے کا رازمعتدل اور صحت مندانہ انداز میں کھانا کھانے میں پوشیدہ ہے۔ ماہرین صحت کے مطابق سحری اور افطاری میں فائبر سے بھرپور اوردیر سے ہضم ہونے والی اشیاءکھانے سے دن بھر توانائی کی سطح بلند رہتی ہے ۔اس کے ساتھ ساتھ زیادہ پانی پی کر ڈی ہائیڈریشن سے بچا جا سکتا ہے۔ اگر آپ ٹھیک طرح سے کھائیں اور پئیں گے تو دن بھر چاق چوبند رہیں گے اورجسمانی سرگرمیاں آپ کو بوجھ محسوس نہیں ہوںگی ۔اس ماہ ” رمضان میں صحت مند رہئے “ کے عنوان سے انگریزی حصے میں شائع ہونے والے فیچرمیں اس معاملے پر تفصیل سے معلومات فراہم کی گئی ہیں۔
ہمیں چاہئے کہ رمضان کے دوران تلی ہوئی اور چکنائی سے بھرپور غذا ئیں کھانے کی بجائے متوازن اور صحت بخش غذا ﺅں پر توجہ مرکوز کریں ۔اوراگر آپ اسی معمول کوسارا سال اپنائیں گے تو آپ کو یقیناً یہ احساس ہو جائے گا کہ صحت ایک نعمت ہے ۔

آپ کو صحت بخش رمضان مبارک ہو۔

Vinkmag ad

Read Previous

انسولین کی دریافت

Read Next

گرمیوں کی چھٹیاں۔۔۔پرلطف اور بامقصدبنائیں

Most Popular