ماہرین کے مطابق خواتین کو مردوں کے مقابلے میں جسم کے مختلف حصوں میں درد کا سامنا زیادہ ہوتا ہے۔ ایک بڑی عالمی تحقیق میں جسم کے 11 حصوں میں خواتین زیادہ متاثر پائی گئیں۔
طبی جریدے نیچر میڈیسن میں شائع تحقیق میں 61 لاکھ سے زائد افراد کا ڈیٹا شامل تھا۔ یہ ڈیٹا 118 ممالک کے 902 ذرائع سے حاصل کیا گیا۔ شرکا کی عمریں پانچ سے 100 سال سے زائد تھیں۔
محققین نے سر، چہرے، گردن، کمر، پیٹ، ہاتھ، پاؤں، کولہے اور گھٹنوں سمیت مختلف حصوں کا جائزہ لیا۔ خواتین اور مردوں کے درمیان سب سے نمایاں فرق چہرے، سر اور پیٹ کے درد میں دیکھا گیا۔
عمر کے لحاظ سے بھی درد کا رجحان مختلف رہا۔ زیادہ تر حصوں میں درد تیزی سے 55 سال کی عمر سے پہلے بڑھا۔ سر درد 34 سال اور پیٹ درد 23 سال کی عمر میں عروج پر پہنچا۔ دوسری جانب کمر، کولہے اور گھٹنوں کا درد عمر بڑھنے کے ساتھ زیادہ ہوتا گیا۔
تحقیق میں تمباکو نوشی، موٹاپے اور کم آمدنی کا بھی درد کے مجموعی بوجھ سے تعلق سامنے آیا۔ محققین کے مطابق نتائج علاج اور روک تھام میں عمر اور جنس کو اہمیت دینے کی ضرورت اجاگر کرتے ہیں۔