پشاور اور ضلع خیبر میں پولیو انجیکشنز کی مہم مکمل ہو گئی۔ خیبر پختونخوا میں پولیو ویکسین کی کم مقدار جلد میں انجیکشن کے ذریعے دینے کی یہ پہلی مہم تھی۔ اس دوران 4 ماہ سے 10 سال تک کے 8 لاکھ 29 ہزار سے زائد بچوں کو ویکسین دی گئی۔
روزنامہ ڈان کے مطابق پشاور میں 756,469 بچوں کو ویکسین دینے کا ہدف تھا۔ ان میں سے 625,268 بچوں کو ویکسین دی گئی۔ ضلع خیبر میں 211,824 میں سے 204,052 بچوں کو ٹیکے لگائے گئے۔ یہ ضلع خیبر کے ہدف کا 96.33 فیصد ہے۔
عالمی ادارۂ صحت کے مطابق پولیو انجیکشنز ان بچوں کو لگائے گئے جنہیں پہلے قطرے پلائے گئے تھے۔ اس کا مقصد پولیو کے خلاف ان کی مدافعت مزید مضبوط کرنا تھا۔ پولیو کے قطرے آنتوں میں وائرس کے خلاف مدافعت پیدا کرتے ہیں۔ تحقیق کے مطابق قطرے پی چکے بچوں کو ٹیکا لگانے سے آنتوں میں یہ مدافعت مزید بڑھتی ہے۔
حکام کے مطابق معمول کی پولیو مہم میں 5 سال سے کم عمر بچوں کو قطرے پلائے جاتے ہیں۔