رات کو معمول سے کم سونا خواتین کے جسم میں شوگر کنٹرول کی صلاحیت متاثر کر سکتا ہے۔ نئی تحقیق کے مطابق مسلسل کم نیند لینے سے جسم کو شوگر کنٹرول کے لیے زیادہ انسولین درکار ہوتی ہے۔ مینوپاز کے بعد کم نیند سے انسولین کی مزاحمت میں زیادہ اضافہ ہو سکتا ہے
طبی جریدے ڈائیبیٹس کیئر میں شائع تحقیق میں 20 سے 75 سال کی 38 خواتین کا جائزہ لیا گیا۔ شرکا نے دو الگ چھ ہفتوں کے مراحل مکمل کیے۔ ایک مرحلے میں انہوں نے اوسطاً 7.5 گھنٹے اور دوسرے میں 6.2 گھنٹے روزانہ نیند لی۔ نتائج کے مطابق کم نیند کے دوران انسولین کی مزاحمت میں 14.8 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ مینوپاز کے بعد کی خواتین میں یہ اضافہ 20.1 فیصد تھا۔
محققین کے مطابق طویل عرصے تک نیند کی کمی ٹائپ ٹو ذیابیطس کے خطرے میں کردار ادا کر سکتی ہے۔ تاہم یہ تحقیق کم نیند اور انسولین کی مزاحمت کے تعلق کو ظاہر کرتی ہے، یہ ثابت نہیں کرتی کہ کم نیند لازماً ذیابیطس کا سبب بنتی ہے۔