امریکی ریاست کیلیفورنیا کے مختلف علاقوں میں گندے پانی کے نمونوں میں انٹرو وائرس ڈی 68 کی مقدار بڑھ رہی ہے۔ یہ وائرس عموماً نزلہ زکام جیسی علامات پیدا کرتا ہے۔ تاہم، نایاب صورتوں میں بچوں کو پولیو جیسی اعصابی بیماری میں بھی مبتلا کر سکتا ہے۔
دی انڈیپنڈنٹ کے مطابق ویسٹ واٹر اسکین کی نگرانی میں پالو آلٹو، ناپا اور جنوب مشرقی سان فرانسسکو میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ سان رافیل میں بھی اس کی زیادہ مقدار پائی گئی۔ تاہم، گندے پانی میں وائرس کی موجودگی سے متاثرہ افراد کی اصل تعداد معلوم نہیں ہوتی۔
امریکی ادارے سی ڈی سی کے مطابق اس وائرس کی علامات میں ناک بہنا، کھانسی، چھینکیں اور جسم میں درد شامل ہیں۔ بعض مریضوں کو سانس لینے میں دشواری یا نمونیا بھی ہو سکتا ہے۔ دمے کے شکار بچوں میں شدید علامات کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔
یہ وائرس ایکیوٹ فلیکسڈ مائیلائٹس نامی نایاب اعصابی بیماری سے بھی منسلک ہے۔ اس بیماری میں بازوؤں یا ٹانگوں کے پٹھے اچانک کمزور پڑ سکتے ہیں۔ بچوں میں ایسی علامات یا سانس لینے میں شدید دشواری پر فوری طبی مدد حاصل کرنی چاہیے۔