روس کے علاقے سائبیریا میں ایک تحقیقی ادارے کی 28 سالہ ملازمہ نمونیا سے انتقال کر گئی۔ وجہ واضح نہ ہونے پر ان سے رابطے میں رہنے والے تقریباً 200 افراد کو احتیاطاً طبی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔
رائٹرز کے مطابق خاتون ارکتسک اینٹی پلیگ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں کام کرتی تھیں، جہاں طاعون سمیت خطرناک بیماریوں پر تحقیق ہوتی ہے۔ اسی تناظر میں حکام نے ان کے رابطوں کی جانچ کی، تاہم طاعون کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔
جانچ کے دوران دو افراد میں کووڈ-19 اور دو میں رائنو وائرس کی تصدیق ہوئی۔ حکام کے مطابق خاتون کی بیماری کا ان کے کام سے تعلق ثابت نہیں ہوا۔ لیبارٹری حادثے سے متعلق اطلاعات بھی مسترد کردی گئی ہیں۔
عالمی ادارہ صحت نے دستیاب معلومات کی بنیاد پر عام آبادی کے لیے خطرہ کم قرار دیا ہے۔ روس میں انسانوں میں طاعون کے کیسز بھی نایاب ہیں۔
Tags: طاعون