پاکستان میں رواں سال کے پہلے نو ماہ کے دوران ڈائیریا، ملیریا اور سانس کی بیماریوں کے 40 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔ قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کے مطابق ڈائیریا سب سے زیادہ رپورٹ ہونے والی بیماری رہی۔
دی نیوز کے مطابق ملک کے 158 اضلاع سے جمع کردہ اعدادوشمار میں ڈائیریا کے 18 سے 22 لاکھ کیسز ریکارڈ ہوئے۔ ملیریا کے مریضوں کی تعداد 12 سے 15 لاکھ رہی۔ اسی دوران فلو جیسی بیماریوں کے ساڑھے سات سے ساڑھے نو لاکھ کیسز رپورٹ ہوئے۔ پانچ سال سے کم عمر بچوں میں سانس کے شدید انفیکشن کے ساڑھے تین سے ساڑھے چار لاکھ کیسز ریکارڈ ہوئے۔
رپورٹ میں جانوروں کے کاٹنے کے ایک لاکھ 80 ہزار سے دو لاکھ 40 ہزار واقعات بھی درج کیے گئے۔ اس کے علاوہ ٹی بی کے ایک لاکھ 20 ہزار سے ایک لاکھ 60 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے۔ ٹائیفائیڈ کے کیسز کی تعداد بھی 90 ہزار سے تجاوز کر گئی۔
ماہرین کے مطابق رپورٹنگ کی شرح 73 سے 81 فیصد رہی۔ اس لیے بیماریوں کی اصل تعداد زیادہ ہونے کا امکان ہے۔