ماہرین کے مطابق مردوں میں کینسر کی شرح خواتین کے مقابلے میں زیادہ پائی جاتی ہے۔ ایک نئی تحقیق میں اس فرق کا تعلق تمباکو نوشی، الکوحل کے استعمال اور بعض طبی مسائل کے ساتھ سامنے آیا ہے۔
طبی جریدے ’جاما آنکالوجی‘ میں شائع تحقیق میں چین اور برطانیہ کے تقریباً 5 لاکھ 90 ہزار افراد کا ڈیٹا جانچا گیا۔ محققین نے کینسر کی 34 اقسام اور خطرہ بڑھانے والے 11 عوامل کا جائزہ لیا۔ اس دوران مردوں اور خواتین میں ان عوامل کا موازنہ بھی کیا گیا۔
نتائج کے مطابق چین میں مرد، خواتین کے مقابلے میں زیادہ تمباکو نوشی اور الکوحل استعمال کرتے تھے۔ ان عادات کا تعلق مردوں میں کینسر کی زیادہ شرح سے پایا گیا۔ خاص طور پر تمباکو نوشی کا کردار زیادہ نمایاں تھا۔
برطانیہ میں بھی مردوں میں کینسر کی شرح زیادہ تھی۔ وہاں تمباکو نوشی کے ساتھ موٹاپے اور ذیابیطس کا تعلق بھی سامنے آیا۔ تاہم، ان عوامل سے شرح میں فرق کی مکمل وضاحت نہیں ہو سکی۔ محققین کے مطابق مردوں اور خواتین میں مرض کی شرح مختلف ہونے کی دیگر وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیق ضروری ہے۔