گزشتہ 60 سال کے دوران پھلوں اور سبزیوں کی غذائیت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ایک نئی رپورٹ کے مطابق بعض اہم غذائی اجزا کی مقدار 20 سے 50 فیصد تک کم ہوئی ہے۔ اس کی بڑی وجوہات مٹی کے معیار میں خرابی اور زیادہ پیداوار دینے والی فصلوں کو ترجیح دینا ہیں۔
جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کے مطابق ڈیپ سائنس وینچرز کے محققین نے غذاؤں کے تاریخی اعدادوشمار کا جائزہ لیا۔ گندم، سیب، گاجر اور مٹر سمیت مختلف غذاؤں میں بعض معدنیات اور پروٹین کی مقدار کم پائی گئی۔
رپورٹ کے مطابق کئی دہائیوں سے فصلوں کی پیداوار بڑھانے پر زیادہ توجہ دی گئی۔ اس مقصد کے لیے نئی اقسام اور کاشت کاری کے مختلف طریقے اپنائے گئے، تاہم غذائیت کو یکساں اہمیت نہیں ملی۔ محققین کے مطابق پھلوں اور سبزیوں میں پوٹاشیم، میگنیشیم اور کاپر جیسے معدنیات کی مقدار بھی متاثر ہوئی ہے۔ ان کی پہلے جتنی مقدار حاصل کرنے کے لیے اب بعض غذائیں زیادہ کھانا پڑ سکتی ہیں۔
ماہرین نے مٹی کا معیار بہتر بنانے اور فصلوں میں غذائی اجزا کی باقاعدہ جانچ پر زور دیا ہے۔