مکڑی کا کاٹنا(Spider bite) عموماً بے ضرر ہوتا ہے۔ مکڑیاں عام طور پر انسانوں سے دور رہتی ہیں اور صرف خطرہ محسوس ہونے پر کاٹتی ہیں۔
علامات
مکڑی کے کاٹنے سے جلد پر سرخ، سوجا ہوا یا خارش والا ابھار بن سکتا ہے، جو عام کیڑے کے کاٹے جیسا دکھائی دیتا ہے۔ علامات کی شدت مکڑی کی قسم، جسم میں داخل ہونے والے زہر کی مقدار اور زہر کے خلاف جسم کے ردِعمل پر منحصر ہوتی ہے۔
جنوبی ایشیا میں پائی جانے والی زیادہ تر مکڑیاں انسانوں کے لیے خطرناک نہیں ہوتیں۔ تاہم دنیا کے بعض علاقوں میں پائی جانے والی چند زہریلی مکڑیوں کے کاٹنے سے شدید علامات پیدا ہو سکتی ہیں۔
وِڈو مکڑی Widow spider)) کے کاٹنے کی علامات
وِڈو مکڑیوں کی کچھ اقسام جنوبی ایشیا کے مختلف علاقوں میں پائی جاتی ہیں، تاہم یہ عام پائی جانے والی مکڑیاں نہیں ہیں۔ ان کے کاٹنے سے بعض اوقات یہ علامات ظاہر ہو سکتی ہیں:
٭ کاٹنے کی جگہ پر درد، سرخی اور سوجن، جو پیٹ، کمر یا سینے تک پھیل سکتی ہے
٭ پیٹ میں شدید کھنچاؤ یا مروڑ
٭ متلی، قے، کپکپی یا زیادہ پسینہ آنا
٭ علامات عموماً ایک سے تین دن تک رہ سکتی ہیں
ریکلوس مکڑی ((Recluse spider کے کاٹنے کی علامات
ریکلوس مکڑی امریکا میں زیادہ پائی جاتی ہے۔ جنوبی ایشیا میں اس کی موجودگی اور پھیلاؤ کے شواہد محدود ہیں، اس لیے اسے یہاں عام پائی جانے والی مکڑی نہیں سمجھا جاتا۔
اس کے کاٹنے سے یہ علامات ظاہر ہو سکتی ہیں:
٭ ابتدائی آٹھ گھنٹوں میں درد میں اضافہ ہونا
٭ کاٹنے کی جگہ کا درمیانی حصہ سفید، پھر نیلا یا جامنی ہو جانا، جبکہ اردگرد سرخ حلقہ بن جانا
٭ زخم کا گہرا ہو کر السر میں تبدیل ہونا
وجوہات
مکڑی کے کاٹنے کی شدید علامات اس کے زہر کی وجہ سے پیدا ہوتی ہیں، جو کاٹنے کے دوران جسم میں داخل ہو جاتا ہے۔
زیادہ تر عام مکڑیوں کا زہر انسانوں کے لیے نقصان دہ نہیں ہوتا، تاہم بعض زہریلی اقسام کا زہر جلد، اعصاب یا جسم کے دیگر حصوں کو متاثر کر سکتا ہے۔
ڈاکٹر سے کب رجوع کریں
ان صورتوں میں فوری طبی امداد حاصل کریں:
٭ اگر خطرناک مکڑی، جیسے وِڈو یا ریکلوس مکڑی، کے کاٹنے کا شبہ ہو
٭ اگر شدید درد، پیٹ میں مروڑ یا زخم تیزی سے بڑھ رہا ہو
٭ اگر سانس لینے یا نگلنے میں دشواری ہو
٭ اگر زخم کے اردگرد سرخی تیزی سے پھیل رہی ہو یا سرخ لکیریں نمودار ہو رہی ہوں
خطرے کے عوامل
یہ عوامل مکڑی کے کاٹنے کا خطرہ بڑھا سکتے ہیں:
٭ ایسے علاقوں میں رہائش، جہاں مکڑیاں زیادہ پائی جاتی ہوں
٭ گرم موسم یا تاریک، خشک جگہوں میں رہنا یا کام کرنا
پیچیدگیاں
زیادہ تر مکڑیوں کا کاٹنا خطرناک نہیں ہوتا، تاہم بعض صورتوں میں پیچیدگیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔
٭ وِڈو مکڑی کا کاٹنا بعض اوقات اعصابی علامات، شدید درد یا پٹھوں کے کھچاؤ کا سبب بن سکتا ہے
٭ ریکلوس مکڑی کے کاٹنے سے بننے والا گہرا زخم بھرنے میں کئی ہفتے یا مہینے لگ سکتے ہیں اور نشان بھی رہ سکتا ہے
٭ بعض صورتوں میں زخم میں انفیکشن ہو سکتا ہے، خاص طور پر اگر بروقت صفائی اور دیکھ بھال نہ کی جائے
بچاؤ کی تدابیر
کچھ احتیاطی اقدامات اختیار کرکے مکڑی کے کاٹنے کے خطرے کو کم کیا جا سکتا ہے:
٭ خطرناک مکڑیوں کی شناخت اور ان کے رہنے کی جگہوں کے بارے میں معلومات حاصل کریں
٭ لکڑیاں، پرانا سامان یا اسٹور روم صاف کرتے وقت دستانے، جوتے اور مکمل حفاظتی لباس پہنیں
٭ استعمال سے پہلے دستانے، جوتے اور کپڑے اچھی طرح جھاڑ لیں
٭ دروازوں، کھڑکیوں اور دیواروں کی دراڑیں بند رکھیں تاکہ مکڑیاں گھر میں داخل نہ ہوں
٭ گھر کے اردگرد کچرا، پتھروں یا لکڑیوں کے ڈھیر جمع نہ ہونے دیں
٭ بستر کو دیوار سے کچھ فاصلے پر رکھیں اور اس کے نیچے غیر ضروری سامان نہ رکھیں
٭ گھر سے مکڑیاں اور ان کے جالے باقاعدگی سے صاف کریں
٭ اگر مکڑی جسم پر آ جائے تو اسے ہاتھ سے آہستگی سے ہٹا دیں، کچلنے سے گریز کریں
تشخیص
ڈاکٹر عموماً مریض کی علامات، میڈیکل ہسٹری اور جسمانی معائنے کی بنیاد پر مکڑی کے کاٹنے کی تشخیص کرتا ہے۔ بعض اوقات مکڑی کی شناخت تشخیص میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ اکثر صورتوں میں صرف زخم کی علامات کی بنیاد پر اندازہ لگایا جاتا ہے۔
علاج
زیادہ تر مکڑیوں کے کاٹے ایک ہفتے کے اندر خود ہی ٹھیک ہو جاتے ہیں، تاہم بعض زہریلی مکڑیوں کے کاٹنے سے ہونے والے زخم کو بھرنے میں زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔
ابتدائی طبی امداد
٭ زخم کو ہلکے صابن اور پانی سے صاف کریں
٭ انفیکشن سے بچاؤ کے لیے اینٹی بایوٹک مرہم استعمال کریں
٭ درد اور سوجن کم کرنے کے لیے ٹھنڈی ٹکور کریں
٭ خارش کی صورت میں اینٹی ہسٹامین دوا مفید ہو سکتی ہے
٭ اگر انفیکشن کی علامات ظاہر ہوں یا حالت خراب ہونے لگے تو فوراً ڈاکٹر سے رجوع کریں
Frequently Asked Questions (FAQs)
کیا ہر مکڑی کا کاٹنا خطرناک ہوتا ہے؟
نہیں، زیادہ تر مکڑیوں کے کاٹے بے ضرر ہوتے ہیں اور چند دنوں میں خود ہی ٹھیک ہو جاتے ہیں۔ جنوبی ایشیا میں پائی جانے والی زیادہ تر مکڑیاں انسانوں کے لیے خطرناک نہیں ہوتیں۔
مکڑی کے کاٹنے پر فوری طبی امداد کب حاصل کرنی چاہیے؟
اگر شدید درد، سانس لینے یا نگلنے میں دشواری ہو، زخم تیزی سے بڑھ رہا ہو یا خطرناک مکڑی کے کاٹنے کا شبہ ہو تو فوراً ڈاکٹر سے رجوع کریں۔
مکڑی کے کاٹنے سے بچاؤ کیسے ممکن ہے؟
مکڑیوں کے جالوں اور ان کے چھپنے کی جگہوں سے احتیاط کریں، حفاظتی لباس پہنیں، اور گھروں کو دراڑوں، کچرے اور غیر ضروری سامان سے پاک رکھیں۔
نوٹ: یہ مضمون صرف قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں ہمیشہ اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔