نیند کی کمی اور بے خوابی جوڑوں کی صحت کو بھی متاثر کر سکتی ہیں۔ ایک تحقیق میں کم نیند لینے والوں میں گھٹنوں اور کولہوں کے آرتھرائٹس کا خطرہ زیادہ پایا گیا۔
طبی جریدے ’آرتھرائٹس کیئر اینڈ ریسرچ‘ میں شائع تحقیق میں برطانیہ کے تقریباً 5 لاکھ افراد کا ڈیٹا استعمال کیا گیا۔ محققین نے نیند کے دورانیے، بے خوابی اور شفٹوں میں کام کرنے کے معمولات کا جائزہ لیا۔
نتائج کے مطابق روزانہ 6 گھنٹے سے کم سونے والوں میں گھٹنوں کے آرتھرائٹس کا خطرہ 41 فیصد زیادہ تھا۔ کولہوں کے آرتھرائٹس کا خطرہ بھی 39 فیصد زیادہ پایا گیا۔ یہ موازنہ روزانہ 7 گھنٹے سونے والوں سے کیا گیا۔
بار بار نیند میں خلل کی شکایت کرنے والوں میں گھٹنوں کے آرتھرائٹس کا خطرہ 34 فیصد زیادہ تھا۔ نائٹ شفٹ میں کام کرنے والوں میں یہ خطرہ 24 فیصد زیادہ پایا گیا۔ تاہم ماہرین کے مطابق تحقیق سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ نیند کی کمی براہِ راست جوڑوں کے آرتھرائٹس کا سبب بنتی ہے۔