Vinkmag ad

پودینے کے فوائد

گرمی کے موسم میں غذا میں خصوصی احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ اس موسم میں فوڈپوائزننگ کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔ اگر اس موسم میں کھانوں کے ساتھ پودینے کی چٹنی کو بھی شامل کر لیا جائے تو مزہ دوبالا ہو جاتا ہے۔ پودینے کے فوائد صرف یہاں تک محدود نہیں بلکہ اسے کھانے سے کھانا ہضم بھی اچھی طرح  ہوتا ہے۔

پودینے کو فارسی اور ہندی زبان میں پودینہ، انگریزی میں مِنٹ جبکہ لاطینی میں مینتھا کہا جاتا ہے۔ اس میں میگنیشیم اور وٹامنز وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ یہ خوردبینی جراثیم کے خلاف مؤثر ہے لہٰذا اسے مختلف قسم کے شربتوں، ٹوتھ پیسٹوں اور ماؤتھ فریشنرز میں استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ بظاہر ایک معمولی سی سبزی ہے لیکن حقیقت میں بہت سی خوبیوں سے مالامال ہے۔ پودینے کے کچھ فوائد یہ ہیں:

کیل مہاسوں سے نجات

٭ رات کو پودینے کے پتوں کا تازہ جوس نکال کر کیل مہاسوں پر لگا کر سو جائیں۔ یہ جلد کی سوزش میں بھی سکون دے گا اور کیل مہاسے بھی ٹھیک ہو جائیں گے۔

٭ تازہ پودینہ پھلوں کے خالص سرکے میں پیس کر چہرے پر لگانے سے داغ دھبے دور ہو جاتے ہیں۔ اسے پورے چہرے کی بجائے صرف داغوں پر لگائیں۔

٭ اس کے مٹھی بھر پتے ٹہنیوں سمیت تین گلاس پانی میں خوب پکا کر اور چھان کر نہار منہ ایک گلاس پیئیں۔ اسے دن میں بھی پیا جا سکتا ہے ۔ پودینے کا پانی جلد کو تروتازہ رکھے گا۔

بلڈپریشر اور کولیسٹرول کے لیے مفید

٭ اس کے مسلسل استعمال سے جسم میں کولیسٹرول کی سطح کم رہتی ہے۔

٭ بلڈ پریشر کے مریضوں کو کھانے کے ساتھ پودینے، لہسن اور دہی کی چٹنی دی جائے تو ان کا بلڈ پریشر نارمل رہے گا۔

سانس کے مسائل سے راحت

٭ ایک چمچ پودینے کا جوس، دو چمچ خالص جو کا سرکہ اور شہد، چار اونس گاجر کے جوس میں ملا کر دن میں تین بار پیئیں۔ یہ دمے اور برونکائٹس جیسے امراض میں  تسکین دیتا ہے۔ یہ نسخہ سانس کو بحال کرنے کے علاوہ جراثیم اور موسم کے بد اثرات سے بچاتا ہے۔

ہاضمے میں مفید اور بھوک بڑھائے

٭ پودینے کے پتے، ایک پیاز اور ایک کھیرا کاٹ کر ملائیں۔ پھر دو عدد ہری مرچیں کاٹ کر ڈالیں، پھر ایک لیموں کا رس نچوڑ کر نمک اور کالی مرچ چھڑک کر کھائیں۔ یہ سلاد لذیذ ہونے کے علاوہ کھانے کو ہضم کرنے میں بھی مدد دے گا۔

٭ بھوک نہ لگتی ہو یا آپ ٹھیک طرح سے کھانا نہ کھا پا رہے ہوں تو کھانے سے پہلے پودینے کے کچھ پتے کھالیں۔ اس کا جوس بھی پیا جا سکتا ہے۔ ایسا کرنے سے آپ پیٹ بھر کر کھانا کھائیں گے۔

دیگر فوائد

٭ اس میں موجود میگنیشیم ہڈیوں کو مضبوط کرتا ہے۔

٭ پودینے میں قدرتی طور پر خوردبینی جراثیم کو ختم کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے۔ اس کے خوشبودار پتوں کو اگر چبا لیا جائے تو منہ میں جراثیم مر جاتے ہیں اور ان کی بدبو ختم ہو جاتی ہے۔

٭ حیض سے کچھ دن پہلے پودینے کا قہوہ پینے سے درد سے بھی نجات ملتی ہے۔

٭ وٹامن کے کی موجودگی کی وجہ سے یہ انسانی جسم میں خون کے جمنے میں مدد دیتا ہے۔ اس کا زیادہ استعمال دل کے مریضوں کے لیے نقصان دہ ہے لہٰذا وہ معالج کے مشورے سے اسے استعمال کریں۔

٭ پودینے کی گڈی لے کر دھولیں اور اس کی 10 یا 15 ٹہنیاں پانی سے بھرے گلاس یا جگ میں ڈال دیں۔ ایسا کرنے سے مکھیاں نہیں آئیں گی۔

Vinkmag ad

Read Previous

سرکاری ہسپتالوں میں بچوں کے لیے ٹیلی میڈیسن کا آغاز

Read Next

سی اے ایچ: ایک جینیاتی نقص

Leave a Reply

Most Popular