دل کو صحت مند رکھنے کے لیے پھلوں کا جوس پینے کی بجائے سالم پھل کھانا زیادہ فائدہ مند ہو سکتا ہے۔ نئی امریکی تحقیق میں سالم پھل کا استعمال بہتر قلبی صحت سے زیادہ واضح طور پر منسلک پایا گیا۔
کرنٹ ڈیولپمنٹس اِن نیوٹریشن میں شائع تحقیق میں 3 لاکھ 71 ہزار 38 امریکی بالغ افراد کا ڈیٹا شامل تھا۔ محققین نے سالم پھل اور 100 فیصد پھلوں کے جوس کے استعمال کا الگ الگ جائزہ لیا۔
نتائج کے مطابق ہائی بلڈ پریشر اور ہائی کولیسٹرول والے افراد سالم پھل کم کھاتے تھے۔ دل کی بیماری، ہارٹ اٹیک یا فالج کی ہسٹری رکھنے والوں میں بھی سالم پھل کا استعمال کم تھا۔
عمر، تعلیم، آمدنی اور تمباکو نوشی جیسے عوامل کو مدنظر رکھنے کے بعد بھی سالم پھل سے متعلق نتائج برقرار رہے۔ اس کے مقابلے میں جوس کا واضح تعلق صرف ہائی کولیسٹرول اور سابقہ ہارٹ اٹیک کے ساتھ برقرار رہا۔
محققین کے مطابق نتائج سالم پھل کے زیادہ استعمال اور بہتر قلبی صحت کے درمیان تعلق ظاہر کرتے ہیں۔ تاہم تحقیق سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ سالم پھل ہی قلبی مسائل میں کمی کی وجہ ہیں۔ اس حوالے سے مزید تحقیق ضروری ہے۔