روزانہ سرکہ پینا قبض کی معمولی شکایت والے افراد کے لیے فائدہ مند ہو سکتا ہے۔ نئی تحقیق میں اسے پینے والوں میں پاخانہ آنے کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا۔
جرنل سائنٹیفک رپورٹس میں شائع تحقیق میں 20 سے 69 سال کے 44 افراد شامل تھے، جنہیں قبض کی معمولی شکایت تھی۔ انہیں دو گروپس میں تقسیم کرکے چار ہفتے تک روزانہ ناشتے کے وقت 200 ملی لیٹر مشروب دیا گیا۔
ایک گروپ کے مشروب میں پانی اور سیب کا سرکہ شامل تھا، جس سے روزانہ تقریباً 750 ملی گرام ایسٹک ایسڈ ملتا تھا۔ دوسرے گروپ کو سرکے کے بغیر پلیسبو مشروب دیا گیا۔ اس میں معمولی مقدار میں سائٹرک ایسڈ شامل کیا گیا تھا تاکہ دونوں مشروبات کا کھٹا ذائقہ تقریباً یکساں رہے۔ دونوں مشروبات میں مصنوعی مٹھاس اور سیب کا ذائقہ بھی شامل تھا۔
سرکہ پینے والوں میں پہلے ہفتے ہی پاخانہ آنے کی تعداد اور مقدار میں اضافہ دیکھا گیا۔ چوتھے ہفتے میں بھی پاخانہ آنے کی تعداد پلیسبو گروپ کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ تھی۔