خواتین کے جنسی اعضاء سے خارج ہونے والی رطوبت سیال مادے اور خلیوں پر مشتمل ہوتی ہے۔ وجائنا سے رطوبت کا اخراج (Vaginal discharge) قدرتی طور پر دن بھر ہوتا رہتا ہے۔ یہ اسے صحت مند اور صاف رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
مختلف اوقات میں رطوبت کی شکل بدل سکتی ہے۔ یہ سفیدی مائل اور چپچپی یا شفاف اور پتلی ہو سکتی ہے۔ یہ تبدیلیاں عموماً ماہواری کے مختلف مراحل کے مطابق ہوتی ہیں۔ رطوبت کی مقدار، رنگ اور گاڑھا پن بدلنا معمول کی بات ہے۔
بعض اوقات وجائنا سے خارج ہونے والی رطوبت کسی طبی مسئلے کی علامت بھی ہو سکتی ہے۔ اگر رطوبت سے بدبو آئے، اس کی شکل یا رنگ غیر معمولی لگے، یا اس کے ساتھ خارش، جلن یا درد ہو تو گائناکالوجسٹ سے رابطہ کریں۔
وجوہات
ییسٹ انفیکشن، بیکٹیریل وجینوسس اور مینوپاز وجائنا کی رطوبت میں تبدیلی کا سبب بن سکتے ہیں۔
بعض اوقات رطوبت میں تبدیلی کسی زیادہ سنگین بیماری کی علامت بھی ہو سکتی ہے۔ جنسی تعلق سے منتقل ہونے والے بعض انفیکشنز (ایس ٹی آئیز) وجائنا کی رطوبت میں تبدیلی پیدا کر سکتے ہیں۔ یہ انفیکشن نہ صرف متاثرہ فرد بلکہ دوسروں کے لیے بھی خطرہ بن سکتے ہیں، اس لیے ان کی بروقت تشخیص ضروری ہے۔ بھورے رنگ کی یا خون آلود رطوبت سرویکل کینسر کی علامت ہو سکتی ہے، تاہم ایسا شاذ و نادر ہی ہوتا ہے۔
انفیکشن یا سوزش سے متعلق اسباب
انفیکشن یا سوزش سے وابستہ غیر معمولی رطوبت کی ممکنہ وجوہات میں شامل ہیں:
٭ بیکٹیریل وجینوسس (وجائنا کی سوزش)
٭ سرویکس کی سوزش
٭ کلیمائڈیا ٹریکومیٹس انفیکشن (جنسی تعلق سے منتقل ہونے والا بیکٹیریل انفیکشن)
٭ سوزاک (Gonorrhea)
٭ وجائنا میں رہ جانے والا ٹیمپون
٭ پی آئی ڈی (خواتین کے تولیدی اعضاء کا انفیکشن)
٭ ٹرائیکومونیاسس (جنسی تعلق سے منتقل ہونے والا پیراسائٹک انفیکشن)
٭ وجائنائٹس
٭ وجائنا میں ییسٹ انفیکشن
دیگر اسباب
وجائنا کی غیر معمولی رطوبت کی دیگر وجوہات میں شامل ہیں:
٭ صفائی سے متعلق بعض عادات، جیسے وجائنا کی صفائی (ڈوشنگ) کرنا یا خوشبودار سپرے اور صابن استعمال کرنا
٭ سرویکل کینسر
٭ حمل
٭ وجائنا کے ٹشوز کا پتلا اور خشک ہو جانا
٭ وجائنا کا کینسر
٭ وجائنا کا فِسچولا
ڈاکٹر سے کب رجوع کریں
اگر آپ کو درج ذیل علامات میں سے کوئی بھی ہو تو فزیشن سے ضرور رجوع کریں:
٭ سبز، زرد، بہت گاڑھی یا پنیر جیسی رطوبت کا اخراج
٭ وجائنا سے تیز بدبو آنا
٭ وجائنا یا اس کے اردگرد موجود جلد میں خارش، جلن یا سوزش ہونا
٭ ماہواری کے دنوں کے علاوہ خون آنا یا دھبے آنا
احتیاطی تدابیر
٭ اگر ییسٹ انفیکشن کا خدشہ ہو تو بغیر نسخے کے دستیاب اینٹی فنگل کریم استعمال کی جا سکتی ہے۔ اکثر لوگ ییسٹ انفیکشن کا گمان کرتے ہیں، جبکہ اصل مسئلہ کچھ اور ہوتا ہے۔ اگر یقین نہ ہو تو فزیشن سے رجوع کریں۔
٭ وجائنا کو صرف نیم گرم پانی سے دھوئیں۔ وجائنا کے اندر دھلائی نہ کریں۔ اس کے بعد روئی کے نرم تولیے سے آہستگی سے خشک کریں۔ خوشبودار صابن، ٹوائلٹ پیپر، ٹیمپون یا ڈوش استعمال نہ کریں
٭ سوتی زیر جامہ پہنیں اور ڈھیلے کپڑے استعمال کریں۔ بہت تنگ پتلون یا ایسی پینٹی ہوز پہننے سے گریز کریں جن کے درمیانی حصے میں سوتی کپڑا نہ ہو
٭ اگر وجائنا میں خشکی محسوس ہو تو بغیر نسخے کے استعمال ہونے والی کریم یا جیل استعمال کریں
٭ اگر علامات برقرار رہیں تو معالج سے دوبارہ رجوع کریں
نوٹ: یہ مضمون صرف قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں ہمیشہ اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔
ڈاکٹر سے رابطے کے لیے لنک پر کلک کریں ⬇️
https://www.shifa.com.pk/find-a-doctor?speciality=ob-gyne