امریکہ نے اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کے ساتھ اڑھائی کروڑ ڈالر کا ایک سالہ معاہدہ کیا ہے۔ اس کا مقصد کم آمدنی والے ممالک میں ماؤں اور بچوں کو ضروری ادویات اور طبی سامان فراہم کرنا ہے۔ امریکی امداد میں کٹوتیوں کے باعث کئی ممالک میں ادویات کی فراہمی متاثر ہوئی تھی۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اس معاہدے سے کم از کم 15 ممالک مستفید ہوں گے۔ یونیسیف کے مطابق معاہدے کے تحت طبی آلات اور غذائی سامان بھی فراہم کیا جائے گا۔ کانگو کے بعض ہسپتالوں میں زچگی کے بعد خون بہنے سے روکنے والی دوا اور اینٹی بائیوٹکس کی قلت پیدا ہوئی۔ وہاں کے طبی حکام کے مطابق گزشتہ چھ ماہ میں علاج کے اخراجات دو سے تین گنا بڑھ گئے۔
پاکستان میں بھی یونیسیف ماؤں اور بچوں کی صحت بہتر بنانے کے لیے مختلف پروگراموں میں معاونت کررہا ہے۔ ان پروگراموں میں غذائی قلت کی روک تھام بھی شامل ہے۔