طویل مدتی کھانسی (Chronic cough) بالغوں میں آٹھ ہفتے یا زیادہ جاری رہنے والی کھانسی کو کہتے ہیں۔ بچوں میں یہ مدت چار ہفتے ہے۔ اس سے نیند اور روزمرہ کے کام متاثر ہوتے ہیں۔
علامات
طویل مدتی کھانسی کے ساتھ یہ علامات بھی ظاہر ہوسکتی ہیں:
٭ ناک بہنا یا بند ہونا
٭ حلق کے پچھلے حصے میں رطوبت گرنے کا احساس
٭ بار بار گلا صاف کرنا
٭ گلے میں درد
٭ آواز بیٹھنا
٭ سانس میں سیٹی کی آواز آنا یا سانس پھولنا
٭ سینے میں جلن یا منہ میں کھٹا ذائقہ آنا
٭ بعض صورتوں میں کھانسی کے ساتھ خون آنا
ڈاکٹر سے کب رجوع کریں
کھانسی کئی ہفتے جاری رہے تو ڈاکٹر سے معائنہ کروائیں۔ اس کے ساتھ بلغم آئے، نیند متاثر ہو یا پڑھائی اور کاموں میں خلل پڑے تو اسے نظرانداز نہ کریں۔ خون آنے پر ڈاکٹر سے رابطے میں تاخیر نہ کریں۔
وجوہات
کھانسی بالعموم پھیپھڑوں سے بلغم اور جلن پیدا کرنے والے مادے خارج کرنے میں مدد دیتی ہے، تاہم اس کا مسلسل جاری رہنا کسی طبی مسئلے کی علامت ہوسکتا ہے۔ بعض افراد میں اس کی ایک سے زیادہ وجوہات ہوتی ہیں۔
ناک سے حلق میں رطوبت گرنا
ناک یا سائنَس میں زیادہ بلغم بننے سے وہ حلق میں گرنے لگتا ہے اور کھانسی ہوتی ہے۔ اسے پوسٹ نیزل ڈرپ یا اَپر ایئروے کف سنڈروم کہتے ہیں۔
دمہ
دمے سے متعلق کھانسی موسم کے ساتھ بڑھ یا کم ہوسکتی ہے۔ ٹھنڈی ہوا، کیمیائی مادوں یا خوشبوؤں سے بھی اس کی شدت بڑھتی ہے۔ دمے کی ایک قسم میں کھانسی ہی بنیادی علامت ہوتی ہے، جسے کف ویریئنٹ استھما کہتے ہیں۔
تیزابیت
معدے کا تیزاب بار بار غذائی نالی میں واپس آنے سے گیسٹروایسوفیجیئل ریفلکس ڈیزیز یا جی ای آر ڈی ہوتا ہے۔ تیزاب سے پیدا ہونے والی مسلسل جلن کھانسی کا سبب بنتی ہے۔ کھانسنے سے تیزاب اوپر آنے کی شکایت مزید بڑھ سکتی ہے۔
انفیکشنز
نمونیا، فلو یا زکام کی دوسری علامات ختم ہونے کے بعد بھی کھانسی برقرار رہ سکتی ہے۔ بالغوں میں کالی کھانسی بھی ایک وجہ ہے، جس کی بعض اوقات شناخت نہیں ہوپاتی۔
پھیپھڑوں کے فنگل انفیکشنز اور ٹی بی بھی طویل مدتی کھانسی پیدا کرتے ہیں۔ نان ٹیوبرکلَس مائیکوبیکٹیریا (این ٹی ایم) سے پھیپھڑوں کا انفیکشن بھی اس کا سبب بنتا ہے۔ یہ جراثیم مٹی، پانی اور گردوغبار میں پائے جاتے ہیں۔
سی او پی ڈی
کرونک آبسٹرکٹیو پلمونری ڈیزیز (سی او پی ڈی) پھیپھڑوں کی دیرپا سوزش والی بیماری ہے۔ اس میں پھیپھڑوں سے ہوا کے باہر نکلنے میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے۔
اس میں طویل مدتی برونکائٹس اور ایمفائزیما بھی شامل ہیں۔ برونکائٹس میں کھانسی کے ساتھ رنگ دار بلغم آسکتا ہے۔ ایمفائزیما میں پھیپھڑوں کی ہوائی تھیلیاں متاثر ہوتی ہیں اور سانس پھولتا ہے۔ سی او پی ڈی کے بیشتر مریض تمباکو نوشی کرتے ہیں یا ماضی میں کرتے رہے ہیں۔
بلڈ پریشر کی ادویات
اے سی ای انہیبیٹرز بعض افراد میں طویل مدتی کھانسی پیدا کرتی ہیں۔ یہ ادویات ہائی بلڈ پریشر اور ہارٹ فیلیئر کے علاج میں دی جاتی ہیں۔ دوا سے کھانسی کا شبہ ہو تو ڈاکٹر سے بات کریں۔ ڈاکٹر کی تجویز کردہ دوا خود سے بند یا تبدیل نہ کریں۔
دیگر وجوہات
نسبتاً کم صورتوں میں یہ مسائل بھی طویل مدتی کھانسی کا سبب بنتے ہیں:
ایسپائریشن: خوراک، مائع یا کسی دوسری چیز کا سانس کی نالی کے ذریعے پھیپھڑوں میں چلے جانا
برونکائیکٹیسس: سانس کی نالیوں کا پھیل کر خراب ہونا، جس سے بلغم صاف کرنے کی صلاحیت کم ہوتی ہے
برونکیولائٹس: انفیکشن سے پھیپھڑوں کی باریک سانس کی نالیوں میں سوجن، جلن اور بلغم جمع ہونا
سسٹک فائبروسس: پھیپھڑوں، نظامِ انہضام اور دیگر اعضا کو متاثر کرنے والی موروثی بیماری
اِڈیوپیتھک پلمونری فائبروسس: نامعلوم وجہ سے پھیپھڑوں کو بتدریج نقصان پہنچنا اور ان میں داغ دار ٹشو بننا
پھیپھڑوں کا کینسر: پھیپھڑوں میں شروع ہونے والا کینسر
نان استھمیٹک ایوزینوفلک برونکائٹس: سانس کی نالیوں میں سوزش، جس کی وجہ دمہ نہیں ہوتا
سارکوئیڈوسس: سوزش زدہ خلیوں کے مجموعوں سے جسم کے مختلف حصوں، بالخصوص پھیپھڑوں میں چھوٹی گلٹیاں بننا
خطرہ بڑھانے والے عوامل
موجودہ یا سابقہ تمباکو نوشی طویل مدتی کھانسی کا خطرہ بڑھاتی ہے۔ دوسروں کی تمباکو نوشی کے دھوئیں میں رہنے سے بھی کھانسی ہوتی ہے اور پھیپھڑوں کو نقصان پہنچتا ہے۔
ممکنہ پیچیدگیاں
شدید اور مسلسل کھانسی تھکن کے علاوہ ان مسائل کا باعث بنتی ہے:
٭ نیند میں خلل
٭ سر درد
٭ سر ہلکا محسوس ہونا یا چکر آنا
٭ الٹی
٭ بہت زیادہ پسینہ آنا
٭ غیر ارادی طور پر پیشاب نکل جانا
٭ پسلی ٹوٹنا
٭ بے ہوش ہونا
Frequently Asked Questions (FAQs)
کیا ہر طویل مدتی کھانسی متعدی ہوتی ہے؟
نہیں۔ دمے، تیزابیت یا دوا سے ہونے والی کھانسی دوسروں کو نہیں لگتی۔ انفیکشن کی صورت میں منتقلی کا انحصار اس کی نوعیت پر ہے۔
کیا خشک کھانسی بھی طویل مدتی ہوسکتی ہے؟
جی ہاں۔ طویل مدتی کھانسی خشک یا بلغم کے ساتھ ہوسکتی ہے۔
کیا طویل مدتی کھانسی لازماً کینسر کی علامت ہے؟
نہیں۔ پھیپھڑوں کا کینسر اس کی نسبتاً کم عام وجوہات میں شامل ہے۔
کیا معائنے کے لیے آٹھ ہفتے انتظار کرنا چاہیے؟
نہیں۔ کھانسی کئی ہفتے رہے یا روزمرہ زندگی متاثر کرے تو ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ خون آنے پر تاخیر نہ کریں۔
نوٹ: یہ مضمون صرف قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں ہمیشہ اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔
ڈاکٹر سے رابطے کے لیے لنک پر کلک کریں ⬇️
https://www.shifa.com.pk/find-a-doctor?speciality=pulmonologist