خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں مشتبہ ڈفتھیریا سے 9 سالہ بچی جاں بحق ہو گئی، جبکہ دو بچے زیر علاج ہیں۔ محکمہ صحت نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ بیماری کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
روزنامہ ڈان کے مطابق ڈفتھیریا کے مشتبہ کیسز باجوڑ کی تحصیل واڑہ ماموند میں سامنے آئے۔ میڈیکل ٹیم نے متاثرہ بچوں سے قریبی رابطے میں رہنے والے افراد کا جائزہ لیا۔ ان افراد کو حفاظتی ٹیکے بھی لگائے گئے۔ بیماری کی تصدیق کے لیے مریضوں کے حلق سے نمونے حاصل کیے گئے۔ مقامی آبادی کو بیماری کی علامات اور اس سے بچاؤ کے طریقوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر گوہر ایوب کے مطابق علاقے میں بیماری کی علامات پہلی بار 12 نومبر کو سامنے آئیں۔
Tags: ڈفتھیریا