Vinkmag ad

کٹے ہونٹ اور تالو

A baby with a cleft lip, a congenital condition associated with cleft lip and cleft palate.

کٹے ہونٹ اور تالو (Cleft Lip and Cleft Palate) پیدائشی نقائص ہیں۔ ان میں اوپری ہونٹ، منہ کی چھت (تالو) یا دونوں میں شگاف ہوتا ہے۔ یہ نقائص حمل کے دوران بچے کے چہرے اور منہ کے ٹشوز مکمل طور پر نہ جڑنے سے پیدا ہوتے ہیں۔

کٹا ہوا ہونٹ: اس کیفیت میں اوپری ہونٹ میں ایک یا دونوں طرف شگاف ہوتا ہے۔ بعض بچوں میں اس کے ساتھ تالو بھی کٹا ہوتا ہے

کٹا ہوا تالو: اس میں تالو کے اگلے، پچھلے یا دونوں حصوں میں شگاف ہوتا ہے۔ یہ ہونٹ کے شگاف کے ساتھ یا اس کے بغیر بھی ہو سکتا ہے

علامات

اس کی علامات میں شامل ہیں:

٭ ہونٹ یا تالو میں شگاف

٭ ہونٹ میں معمولی کٹ سے لے کر ناک تک پھیلا ہوا شگاف

٭ تالو میں ایسا شگاف جس سے چہرے کی ظاہری شکل متاثر نہیں ہوتی

بعض بچوں میں تالو کے پچھلے حصے کی اندرونی تہہ کے نیچے موجود پٹھوں میں شگاف ہوتا ہے۔ اسے سب میوکوسل کلیفٹ پیلیٹ (Submucous Cleft Palate) کہتے ہیں۔ یہ عموماً ظاہری طور پر نمایاں نہیں ہوتا۔ اس کی علامات میں شامل ہیں:

٭ دودھ پینے میں دشواری

٭ بولتے وقت آواز میں ناک کی گونج

٭ کانوں میں بار بار انفیکشن

٭ نگلنے میں دشواری یا خوراک کا ناک سے باہر آنا

ڈاکٹر سے کب رجوع کریں

ہونٹ یا تالو میں شگاف کی تشخیص ہوتے ہی علاج کی منصوبہ بندی شروع کر دینی چاہیے۔ اگر بچے کو دودھ پینے، بولنے یا نگلنے میں دشواری ہو تو بھی ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

وجوہات

حمل کے ابتدائی ہفتوں میں بچے کے ہونٹ اور تالو کے ٹشوز آپس میں جڑتے ہیں۔ اگر یہ عمل مکمل نہ ہو تو شگاف رہ جاتا ہے۔

اس کی ممکنہ وجوہات میں جینیاتی اور ماحولیاتی عوامل شامل ہیں۔ والدین سے منتقل ہونے والے بعض جینز بھی اس نقص کا سبب بن سکتے ہیں۔ تاہم اکثر کیسز میں اصل وجہ معلوم نہیں ہوتی۔

خطرے کے عوامل

٭ فیملی ہسٹری

٭ حمل کے دوران تمباکو، الکحل یا بعض ادویات کا استعمال

٭ حمل کے ابتدائی تین ماہ میں فولیٹ (وٹامن بی 9) کی کمی

پیچیدگیاں

٭ دودھ پینے میں دشواری

٭ کانوں میں انفیکشن اور سماعت میں کمی

٭ دانتوں کی ساخت اور ترتیب کے مسائل

٭ بولنے میں دشواری

٭ جذباتی، سماجی اور رویے سے متعلق مسائل

بچاؤ کی تدابیر

اس پیدائشی نقص سے بچنا ہمیشہ ممکن نہیں ہوتا۔ تاہم اس کا خطرہ کم کرنے کے لیے یہ اقدامات مددگار ثابت ہو سکتے ہیں:

٭ فیملی ہسٹری کی صورت میں حمل سے پہلے جینیاتی مشاورت

٭ حمل سے پہلے اور اس کے دوران ڈاکٹر کے مشورے سے ضروری وٹامنز کا استعمال

٭ حمل کے دوران تمباکو اور الکحل سے پرہیز کریں

تشخیص

زیادہ تر کیسز کی تشخیص پیدائش کے وقت جسمانی معائنے سے ہو جاتی ہے۔ حمل کے دوران الٹراساؤنڈ سے بھی ہونٹ کے شگاف کی تشخیص ممکن ہے۔ تاہم اس سے تالو کے شگاف کی تشخیص نسبتاً مشکل ہوتی ہے۔

بعض بچوں میں سب میوکوسل کلیفٹ پیلیٹ کی تشخیص بعد میں علامات ظاہر ہونے پر ہوتی ہے۔

علاج

علاج کا مقصد بچے کے کھانے، بولنے اور سننے کی صلاحیت بہتر بنانا ہے۔ اس کے علاوہ چہرے کی ساخت بھی درست کی جاتی ہے۔ اس مقصد کے لیے مختلف شعبوں کے ماہرین مل کر علاج کرتے ہیں۔

سرجری

سرجری کا وقت شگاف کی نوعیت اور بچے کی صحت کے مطابق طے کیا جاتا ہے۔ عموماً:

٭ ہونٹ کی سرجری 3 سے 6 ماہ کی عمر میں

٭ تالو کی سرجری 18 ماہ کی عمر سے پہلے

٭ اضافی سرجری بچے کی نشوونما اور ضرورت کے مطابق

سرجری سے کھانے، سانس لینے اور بولنے کی صلاحیت بہتر ہو سکتی ہے۔ تاہم خون بہنے، انفیکشن، زخم بھرنے میں دشواری اور داغ پڑنے جیسے خطرات بھی ہوتے ہیں۔

دیگر مسائل کا علاج

٭ دودھ پلانے کے لیے خصوصی بوتل یا نپل کا استعمال

٭ بولنے میں بہتری کے لیے سپیچ تھراپی

٭ دانتوں کی درست ترتیب کے لیے بریسز

٭ کانوں کے انفیکشن کا علاج اور سماعت کی باقاعدہ جانچ

٭ ضرورت کے مطابق سماعت کے آلات کا استعمال

٭ جذباتی مسائل سے نمٹنے کے لیے نفسیاتی مدد

بچے کی نشوونما اور طبی ضروریات کے مطابق طویل عرصے تک نگرانی کی ضرورت ہو سکتی ہے۔

Frequently Asked Questions (FAQs)

کٹے ہونٹ اور تالو کی وجہ کیا ہے؟

جینیاتی اور ماحولیاتی عوامل اس کا سبب بن سکتے ہیں۔ تاہم اکثر کیسز میں اصل وجہ معلوم نہیں ہوتی۔

کیا کٹے ہونٹ اور تالو کا علاج ممکن ہے؟

جی ہاں، سرجری سے شگاف درست کیا جا سکتا ہے۔ دیگر علاج سے بولنے، سننے اور کھانے سے متعلق مسائل میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔

کٹے ہونٹ کی سرجری کب ہوتی ہے؟

کٹے ہونٹ کی سرجری عموماً 3 سے 6 ماہ کی عمر میں کی جاتی ہے۔ تاہم اس کا حتمی فیصلہ بچے کی صحت کو مدنظر رکھ کر کیا جاتا ہے۔

کٹے ہونٹ اور تالو کے علاج کے لیے کس ڈاکٹر سے رجوع کریں؟

اس کے علاج کے لیے کلیفٹ سرجری کا تجربہ رکھنے والے پلاسٹک سرجن سے رجوع کریں۔ علاج میں بچوں اور دیگر متعلقہ شعبوں کے ماہرین کی خدمات بھی درکار ہو سکتی ہیں۔

نوٹ: یہ مضمون صرف قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ مزید معلومات کے لیے شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے ڈاکٹرز سے رجوع کریں۔

ڈاکٹر سے رابطے کے لیے لنک پر کلک کریں ⬇️

https://www.shifa.com.pk/find-a-doctor?speciality=plastic-surgery

 

Vinkmag ad

Read Previous

وزن کم کرنے والی ادویات کا استعمال میموگرافی کے نتائج پر اثرانداز، تحقیق

Read Next

صنفی شناخت سے ہم آہنگ آواز کے لیے تھراپی اور سرجری

Leave a Reply

Most Popular