صنفی شناخت سے ہم آہنگ آواز کے لیے تھراپی اور سرجری (Gender-Affirming Voice Therapy and Surgery) مخصوص طبی طریقے ہیں۔ ان سے ٹرانس جینڈرز اور مختلف صنفی شناخت رکھنے والے افراد اپنی آواز اور بولنے کا انداز بدل سکتے ہیں۔
ان طریقوں میں آواز کی پچ (آواز کا باریک یا گہرا ہونا)، گونج اور معیار پر کام کیا جاتا ہے۔ بولنے کے انداز، چہرے کے تاثرات، ہاتھوں کے اشاروں اور آنکھوں کے رابطے پر بھی توجہ دی جاتی ہے۔
کیوں کیا جاتا ہے
اس علاج کا مقصد آواز اور بولنے کے انداز کو فرد کی صنفی شناخت سے ہم آہنگ کرنا ہے۔
بعض افراد کی صنفی شناخت پیدائش کے وقت متعین جنس سے مختلف ہوتی ہے۔ اس فرق کے باعث ذہنی پریشانی کی کیفیت کو جینڈر ڈسفوریا (Gender dysphoria) کہا جاتا ہے۔ یہ علاج اس کیفیت میں کمی لانے میں بھی مددگار ہے۔
بعض افراد سماجی ہراسانی، مذاق یا تحفظ سے متعلق خدشات کی وجہ سے بھی یہ علاج کرواتے ہیں۔ تاہم ہر ٹرانس جینڈر فرد کو اس کی ضرورت یا خواہش نہیں ہوتی۔
علاج سے پہلے
ایسے سپیچ تھراپسٹ سے مشورہ کریں جسے مختلف صنفی شناخت رکھنے والے افراد کے ساتھ کام کا تجربہ ہو۔
اپنے اہداف، مطلوبہ آواز اور بولنے کے انداز پر بات کریں۔ ضرورت کے مطابق آواز کی تربیت کے ماہر یا گلوکاری کے استاد سے بھی مدد لیں۔
علاج کے دوران
صنفی شناخت کے مطابق آواز میں تبدیلی کے لیے سپیچ تھراپی اور سرجری کے طریقے استعمال ہوتے ہیں۔
آواز کی تھراپی
سپیچ تھراپی آواز کو نسوانی، مردانہ یا صنفی لحاظ سے غیر جانب دار بنانے میں مددگار ہے۔ اس میں ان پہلوؤں پر کام کیا جاتا ہے:
آواز کی پچ (Pitch): آواز کو باریک یا گہرا کرنا
بولنے کا انداز (Prosody): الفاظ پر زور، لہجے کے اتار چڑھاؤ اور جذبات کے اظہار کو بہتر بنانا
آواز کی گونج (Resonance): آواز پیدا کرتے وقت منہ اور گلے میں گونج کو منظم کرنا
سننے کی تربیت: اپنی آواز میں فرق محسوس کرنا اور مطلوبہ آواز کو پہچاننا
اس کے علاوہ الفاظ کی ادائیگی، بولنے کی رفتار، چہرے کے تاثرات، اشاروں اور جسمانی حرکات پر توجہ دی جاتی ہے۔
تھراپی میں موبائل ایپس، پیانو یا کمپیوٹر سافٹ ویئر بھی استعمال ہوتے ہیں۔ ان سے مطلوبہ پچ کا تعین اور آواز کے معیار کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ ایک نشست عموماً 20 سے 40 منٹ کی ہوتی ہے۔
ہارمون تھراپی
ٹیسٹوسٹیرون پر مشتمل ہارمون تھراپی عموماً آواز کو گہرا کرتی ہے۔ اس کے ساتھ سپیچ تھراپی بھی فائدہ مند ہے۔
بلوغت میں آواز گہری ہو چکی ہو تو ایسٹروجن اور اینٹی اینڈروجن پر مشتمل ہارمون تھراپی سے پچ نہیں بدلتی۔
آواز کی سرجری
سرجری کے ذریعے بنیادی طور پر آواز کی پچ تبدیل کی جاتی ہے۔ اس کی اہم اقسام یہ ہیں:
آواز کو نسوانی بنانے کی سرجری
اینٹیریئر گلوٹک ویب فارمیشن: ووکل کارڈز کے ارتعاش کرنے والے حصے کی لمبائی کم کرکے آواز باریک کی جاتی ہے۔ اس سے گہری آواز نکالنے کی صلاحیت متاثر ہونے کا امکان رہتا ہے۔
کرائیکوتھائیرائڈ اپروکسیمیشن (CTA): ووکل کارڈز میں تناؤ بڑھا کر آواز باریک کی جاتی ہے۔ تاہم اس کے اثرات ہمیشہ دیرپا نہیں ہوتے۔
آواز کو مردانہ بنانے کی سرجری
تھائروپلاسٹی ٹائپ 3: ووکل کارڈز کا تناؤ کم کرکے آواز کو گہرا کیا جاتا ہے۔
سرجری سے پہلے اور بعد میں ضرورت کے مطابق سپیچ تھراپی تجویز کی جاتی ہے۔ اس میں آواز اور بولنے کے ایسے پہلوؤں پر کام ہوتا ہے جو سرجری سے تبدیل نہیں ہوتے۔
خطرات
غلط طریقے سے آواز بدلنے کی کوشش سے ووکل کارڈز پر دباؤ پڑنے کا خطرہ رہتا ہے۔ ماہر کی نگرانی میں تھراپی سے اس خطرے میں کمی لانے میں مدد ملتی ہے۔ آواز کی سرجری کے ممکنہ خطرات میں شامل ہیں:
٭ آواز کی پچ مطلوبہ حد سے زیادہ یا کم ہونا
٭ آواز کا بیٹھ جانا، کھردرا ہونا یا اس میں سانس کی آواز نمایاں ہونا
٭ مختلف پچوں میں آواز نکالنے کی صلاحیت محدود ہونا
٭ اونچی آواز میں بولنے یا چلانے میں دشواری
٭ آواز کے معیار میں ناپسندیدہ تبدیلی
آواز کو نسوانی بنانے والی بیشتر سرجریوں کے نتائج مستقل ہوتے ہیں۔ آواز کو مردانہ بنانے والی سرجری کے اثرات بھی ناقابل واپسی ہیں۔
نتائج
مطلوبہ آواز حاصل کرنے کا عمل ہر فرد کے لیے مختلف ہوتا ہے۔ نتائج کا انحصار علاج کی نوعیت، مشق اور اس کے لیے مختص وقت پر ہے۔
آواز میں تبدیلی کے لیے صبر اور مسلسل مشق ضروری ہے۔ سپیچ تھراپسٹ سے رابطہ رکھیں اور اپنی پیش رفت کا جائزہ لیتے رہیں۔
Frequently Asked Questions (FAQs)
صنفی شناخت کے مطابق آواز کی تھراپی کیا ہے؟
اس طریقے میں آواز اور بولنے کے انداز کو فرد کی صنفی شناخت سے ہم آہنگ کرنے کی تربیت دی جاتی ہے۔
کیا ہارمون تھراپی سے آواز تبدیل ہو سکتی ہے؟
ٹیسٹوسٹیرون عموماً آواز کو گہرا کرتا ہے۔ تاہم ایسٹروجن سے بلوغت میں گہری ہونے والی آواز دوبارہ باریک نہیں ہوتی۔
کیا آواز کی سرجری کے نتائج مستقل ہوتے ہیں؟
آواز کو نسوانی بنانے والی بیشتر سرجریوں کے نتائج مستقل ہوتے ہیں۔ مردانہ آواز کے لیے کی جانے والی سرجری کے اثرات بھی ناقابل واپسی ہیں۔
نوٹ: یہ مضمون صرف قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ مزید معلومات کے لیے شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے ڈاکٹرز سے رجوع کریں۔