طبی ماہرین کے مطابق پِکل بال کی بڑھتی مقبولیت کے ساتھ آنکھوں کی چوٹوں کے واقعات بھی بڑھ رہے ہیں۔ کھیل کے دوران آنکھ پر گیند لگنے سے بینائی متاثر ہونے اور گلوکوما (کالا موتیا) کا خطرہ بھی ہے۔ پِکل بال بیڈمنٹن جیسے کورٹ میں ٹھوس ریکٹ اور سوراخ دار پلاسٹک کی گیند سے کھیلا جاتا ہے۔
طبی جریدے بی ایم جے کیس رپورٹس کے مطابق ایک امریکی خاتون کو پِکل بال کھیلتے ہوئے آنکھ پر چوٹ لگی۔ انہوں نے حفاظتی عینک نہیں پہن رکھی تھی۔ چوٹ کے بعد انہیں شدید درد، دھندلی بینائی اور روشنی سے حساسیت کا سامنا ہوا۔ تین ماہ بعد ان میں گلوکوما کی تشخیص ہوئی۔
اس کھیل میں آنکھ کے پردے (ریٹینا) کو نقصان پہنچنے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔ کھلاڑیوں کی ایک دوسرے سے قربت اور گیند کی تیز رفتاری چوٹوں کا خطرہ بڑھاتی ہیں۔ اس لیے ماہرین نے آنکھوں کی چوٹوں سے بچاؤ کے لیے حفاظتی عینک پہننے کا مشورہ دیا ہے۔ انہوں نے کھیل کے لیے مخصوص حفاظتی ضابطے وضع کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔