امریکہ میں خسرے کی وبا نے حاملہ خواتین اور نومولود بچوں کی صحت سے متعلق خدشات بڑھا دیے ہیں۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق جنوری 2025 سے 28 ستمبر 2026 تک 112 حاملہ خواتین خسرے سے متاثر ہوئیں۔ اس دوران 13 نومولود بچوں میں بھی خسرے کی تشخیص ہوئی۔
ماہرین کے مطابق دوران حمل خسرے کا وائرس ماں سے بچے میں منتقل ہو سکتا ہے۔ اس بیماری سے اسقاط حمل، قبل از وقت یا مردہ بچے کی پیدائش کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
طبی جریدے ’’این ای جے ایم ایویڈنس‘‘ میں شائع رپورٹ کے مطابق 26 متاثرہ خواتین کو طبی پیچیدگیوں کے باعث ہسپتال داخل کرنا پڑا۔ خسرے سے متاثرہ 11 حاملہ خواتین نمونیا کا شکار ہوئیں۔ ان میں سے 98 فیصد نے خسرے کی ویکسین نہیں لگوائی تھی یا ان کا ویکسینیشن ریکارڈ دستیاب نہیں تھا۔
امریکی ادارے سی ڈی سی کے مطابق ضرورت پڑنے پر ایم ایم آر ویکسین حمل سے پہلے لگوانی چاہیے۔ یہ ویکسین خسرے، ممپس اور روبیلا سے تحفظ فراہم کرتی ہے۔ اسے دوران حمل نہیں لگایا جاتا۔ ویکسین لگوانے کے بعد کم از کم 28 دن تک حمل ٹھہرنے سے گریز کرنا چاہیے۔