پھیپھڑوں کا کینسر (Lung cancer) ایک ایسی بیماری ہے جس میں پھیپھڑوں کے خلیے غیر معمولی طور پر بڑھنے لگتے ہیں۔ یہ دنیا بھر میں کینسر سے ہونے والی اموات کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ سگریٹ نوشی کرنے والوں میں اس بیماری کا خطرہ سب سے زیادہ ہوتا ہے۔ جتنے زیادہ عرصے تک اور جتنی زیادہ سگریٹ پیے جائیں، خطرہ بھی اتنا بڑھ جاتا ہے۔ یہ بیماری ایسے افراد کو بھی ہو سکتی ہے جنہوں نے کبھی سگریٹ نہیں پیا۔
علامات
ابتدائی مرحلے میں پھیپھڑوں کا کینسر عموماً کوئی واضح علامات پیدا نہیں کرتا۔ زیادہ تر علامات اس وقت ظاہر ہوتی ہیں جب بیماری کافی آگے بڑھ چکی ہو۔ پھیپھڑوں کے اندر اور اردگرد ظاہر ہونے والی علامات یہ ہیں:
٭ نئی کھانسی جو ختم نہ ہو رہی ہو
٭ سینے میں درد
٭ کھانسی کے ساتھ خون آنا، چاہے مقدار بہت کم ہو
٭ آواز بیٹھ جانا
٭ سانس پھولنا
٭ سانس لیتے وقت سیٹی جیسی آواز آنا
کینسر کے جسم کے دوسرے حصوں میں پھیلنے کی علامات
٭ ہڈیوں میں درد
٭ سر درد
٭ بغیر کسی کوشش کے وزن کم ہونا
٭ بھوک میں کمی
٭ چہرے یا گردن میں سوجن
ڈاکٹر سے کب رجوع کریں
٭ کوئی ایسی علامت محسوس ہو جو مسلسل برقرار رہے یا تشویش کا باعث بنے
٭اگر آپ سگریٹ نوشی کرتے ہیں اور اسے چھوڑنے میں کامیاب نہیں ہو رہے
وجوہات
پھیپھڑوں کا کینسر اس وقت پیدا ہوتا ہے جب پھیپھڑوں کے خلیوں کے ڈی این اے میں تبدیلیاں آ جاتی ہیں۔ اس کے نتیجے میں غیر معمولی خلیے بڑھ کر ایک رسولی بنا لیتے ہیں۔ یہ رسولی بڑھتے ہوئے صحت مند بافتوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ کینسر کے خلیے رسولی سے الگ ہو کر جسم کے دوسرے حصوں تک بھی پہنچ سکتے ہیں۔
پھیپھڑوں کے کینسر کی زیادہ تر وجہ سگریٹ نوشی ہے۔ یہ بیماری نہ صرف سگریٹ نوشی کرنے والوں بلکہ بالواسطہ سگریٹ کے دھوئیں میں رہنے والوں کو بھی متاثر کر سکتی ہے۔
بعض افراد میں پھیپھڑوں کا کینسر کبھی سگریٹ نہ پینے کے باوجود بھی ہو جاتا ہے۔ ایسے مریضوں میں بیماری کی واضح وجہ معلوم نہیں ہو پاتی۔
پھیپھڑوں کے کینسر کی اقسام
پھیپھڑوں کے کینسر کی دو بنیادی اقسام ہیں۔
سمال سیل پھیپھڑوں کا کینسر: یہ عموماً ان افراد میں ہوتا ہے جو کئی سال تک بہت زیادہ سگریٹ نوشی کرتے رہے ہوں۔ یہ قسم نسبتاً کم پائی جاتی ہے۔
نان سمال سیل پھیپھڑوں کا کینسر: اس میں کئی اقسام شامل ہیں، جن میں سکوامس سیل کارسینوما، ایڈینوکارسینوما اور لارج سیل کارسینوما شامل ہیں
خطرے کے عوامل
کئی عوامل پھیپھڑوں کے کینسر کا خطرہ بڑھا سکتے ہیں۔ بعض عوامل پر قابو پایا جا سکتا ہے جبکہ کچھ عوامل ہمارے بس میں نہیں ہوتے۔ اس کا سبب بننے والےعمومی عوامل یہ ہیں:
٭ سگریٹ نوشی
٭ بالواسطہ سگریٹ کے دھوئیں کا سامنا
٭ ماضی میں ریڈی ایشن تھراپی کروانا
٭ ریڈون گیس سے واسطہ پڑنا
٭ کینسر پیدا کرنے والے کیمیکلز سے مسلسل رابطہ
٭ فیملی میں پھیپھڑوں کے کینسر کی موجودگی
پیچیدگیاں
پھیپھڑوں کا کینسر مختلف پیچیدگیوں کا سبب بن سکتا ہے، جن میں شامل ہیں:
٭ سانس پھولنا
٭ کھانسی کے ساتھ خون آنا
٭ مسلسل درد
٭ سینے میں پانی جمع ہونا
٭ کینسر کا جسم کے دوسرے حصوں میں پھیل جانا
بچاؤ کی تدابیر
٭ اگر آپ نے کبھی سگریٹ نہیں پی تو اس کی شروعات نہ کریں
٭ اگر سگریٹ نوشی کرتے ہیں تو اسے فوراً ترک کر دیں
٭ بالواسطہ سگریٹ کے دھوئیں سے بچیں
٭ اپنے گھر میں ریڈون گیس کی جانچ کروائیں
٭ کام کی جگہ پر کینسر پیدا کرنے والے کیمیکلز سے بچاؤ اختیار کریں
٭ پھلوں اور سبزیوں سے بھرپور متوازن غذا کھائیں
٭ ہفتے کے زیادہ تر دن باقاعدگی سے ورزش کریں
تشخیص
سکریننگ
پھیپھڑوں کے کینسر کی سکریننگ عموماً 50 سال یا اس سے زیادہ عمر کے ان افراد کے لیے تجویز کی جاتی ہے جو کئی برس تک بہت زیادہ سگریٹ نوشی کرتے رہے ہوں۔ یہ سکریننگ ان افراد کے لیے بھی مفید ہو سکتی ہے جنہوں نے گزشتہ 15 سال کے دوران سگریٹ نوشی چھوڑ دی ہو۔
تشخیص کے لیے ٹیسٹ
٭ امیجنگ ٹیسٹ
٭ بلغم کا معائنہ
٭ بائیوپسی
٭ میڈیاسٹینوسکوپی
٭ کینسر کے پھیلاؤ کا جائزہ
علاج
پھیپھڑوں کے کینسر کا علاج مریض کی حالت، کینسر کی قسم اور اس کے مرحلے کے مطابق کیا جاتا ہے۔ زیادہ تر صورتوں میں علاج کا آغاز سرجری سے کیا جاتا ہے۔
سرجری
سرجری کے دوران کینسر زدہ حصہ اور اس کے اردگرد موجود کچھ صحت مند ٹشوز بھی نکالے جاتے ہیں تاکہ بیماری دوبارہ پیدا ہونے کا خطرہ کم ہو۔
ویج ریسیکشن: پھیپھڑے کا چھوٹا حصہ نکالا جاتا ہے جس میں رسولی اور اس کے اردگرد کچھ صحت مند ٹشوز شامل ہوتے ہیں
سیگمنٹل ریسیکشن: پھیپھڑے کا نسبتاً بڑا حصہ نکالا جاتا ہے، لیکن پورا لوب نہیں
لوبیکٹومی: پھیپھڑے کا ایک مکمل لوب نکال دیا جاتا ہے
نیومونیکٹومی: ایک پورا پھیپھڑا نکال دیا جاتا ہے
ریڈی ایشن تھراپی
اگر کینسر سینے کے اندر پھیل چکا ہو تو ریڈی ایشن تھراپی سرجری سے پہلے یا بعد میں دی جا سکتی ہے۔
کیموتھراپی
کیموتھراپی طاقتور ادویات کے ذریعے کینسر کے خلیوں کو ختم کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ یہ علاج سرجری کے بعد باقی رہ جانے والے کینسر کے خلیوں کو ختم کرنے کے لیے بھی دیا جاتا ہے۔ بعض اوقات اسے ریڈی ایشن تھراپی کے ساتھ ملا کر بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
دیگر علاج
٭ سٹیریوٹیکٹک باڈی ریڈیو تھراپی
٭ ہدف پر مبنی (ٹارگٹڈ) علاج
٭ مدافعتی علاج
پیلی ایٹو کیئر
یہ ایک خصوصی میڈیکل سروس ہے جس کا مقصد سنگین بیماری میں مریض کی تکلیف کم کرنا اور معیارِ زندگی بہتر بنانا ہے۔ کینسر کے مریضوں میں یہ درد اور دیگر علامات کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
طرزِ زندگی اور گھریلو تدابیر
پھیپھڑوں کے کینسر کے بہت سے مریض سانس پھولنے کی شکایت کرتے ہیں۔ درج ذیل اقدامات اس کیفیت سے نپٹنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں:
٭ سانس پھولنے سے خوف اور گھبراہٹ پیدا ہو سکتی ہے، لیکن یہ کیفیت سانس لینے کو مزید مشکل بنا دیتی ہے۔ اس لیے پرسکون رہنے کی کوشش کریں
٭ آرام دہ پوزیشن اختیار کریں۔ سانس پھولنے کی صورت میں ہلکا سا آگے جھک کر بیٹھنا بعض اوقات سانس لینے میں آسانی پیدا کرتا ہے
٭ سانس لینے پر توجہ دیں۔ گہری سانس لینے کی کوشش کرنے کے بجائے سانس کے عمل کو پرسکون رکھنے پر توجہ دیں۔ ہونٹوں کو ہلکا سا سکیڑ کر سانس لیں اور اپنی سرگرمی کے مطابق سانس کی رفتار برقرار رکھیں۔
٭ توانائی کو اہم کاموں کے لیے محفوظ رکھیں۔ سانس پھولنے کی وجہ سے جلد تھکن محسوس ہو سکتی ہے۔ اس لیے روزمرہ کے ضروری کاموں کو ترجیح دیں تاکہ توانائی اہم ذمہ داریوں کے لیے محفوظ رہے۔
Frequently Asked Questions (FAQs)
کیا پھیپھڑوں کا کینسر صرف سگریٹ نوشی کرنے والوں کو ہوتا ہے؟
نہیں، اگرچہ زیادہ تر مریض سگریٹ نوشی کرتے ہیں، لیکن یہ بیماری ایسے افراد کو بھی ہو سکتی ہے جنہوں نے کبھی سگریٹ نہیں پیا۔
کیا پھیپھڑوں کے کینسر کا مکمل علاج ممکن ہے؟
اگر بیماری ابتدائی مرحلے میں تشخیص ہو جائے تو سرجری اور دیگر علاج سے کامیابی کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔
پھیپھڑوں کے کینسر کی عام ابتدائی علامت کیا ہے؟
مسلسل رہنے والی نئی کھانسی، سانس پھولنا اور سینے میں درد اس کی اہم ابتدائی علامات ہو سکتی ہیں۔
کیا سگریٹ چھوڑنے سے پھیپھڑوں کے کینسر کا خطرہ کم ہو جاتا ہے؟
جی ہاں، سگریٹ نوشی ترک کرنے سے وقت کے ساتھ پھیپھڑوں کے کینسر کا خطرہ نمایاں طور پر کم ہو جاتا ہے۔
نوٹ: یہ مضمون صرف قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں ہمیشہ اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔
ڈاکٹر سے رابطے کے لیے لنک پر کلک کریں ⬇️
https://www.shifa.com.pk/find-a-doctor?speciality=pulmonologist