ماہرین نے پھیپھڑوں کے کینسر اور اس سے ہونے والی پٹھوں کی شدید کمزوری کو ایک ساتھ نشانہ بنانے کا نیا طریقہ وضع کیا ہے۔
اوریگن سٹیٹ یونیورسٹی کے سائنس دانوں نے اس طریقے کو پھیپھڑوں کے کینسر والے چوہوں پر آزمایا۔ انتہائی چھوٹے چکنائی والے ذرات کے ذریعے فولیسٹیٹن ایم آر این اے ٹیومر تک پہنچایا گیا۔ یہ ایم آر این اے خلیوں کو فولیسٹیٹن پروٹین بنانے کی ہدایت دیتا ہے۔
جرنل آف کنٹرولڈ ریلیز میں شائع تحقیق کے مطابق نئے طریقے سے ٹیومر کے حجم میں نمایاں کمی آئی۔ چوہوں میں جسمانی وزن، پٹھوں اور چربی کو برقرار رکھنے کے حوالے سے بھی بہتر نتائج سامنے آئے۔
کینسر کے بعض مریضوں میں وزن اور پٹھوں کی شدید کمی جسم کو کمزور کردیتی ہے اور علاج مزید مشکل بنا سکتی ہے۔ محققین کے مطابق نیا طریقہ کینسر کے ساتھ اس مسئلے کو بھی کم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
تاہم تحقیق ابھی جانوروں تک محدود ہے۔ انسانوں میں اس طریقے کے محفوظ اور مؤثر ثابت ہونے تک اسے باقاعدہ علاج قرار نہیں دیا جاسکتا۔