بالوں میں سفیدی آنا محض بڑھتی عمر کا معاملہ نہیں، اس لیے کہ بعض افراد کے بال وقت سے پہلے ہی سفید ہونے لگتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق غذائی کمی، سگریٹ نوشی اور بعض طبی مسائل اس میں کردار ادا کرسکتے ہیں۔
طبی جریدے ڈرماٹولوجک تھراپی میں شائع ایک جامع تحقیقی جائزے میں قبل از وقت سفیدی سے متعلق مختلف سٹڈیز کا تجزیہ کیا گیا۔ نتائج میں وٹامن بی 12 کی کمی، فیملی ہسٹری اور تھائیرائیڈ کے مسائل سے اس کا تعلق سامنے آیا۔
ذہنی دباؤ بھی بالوں کی قبل از وقت سفیدی سے منسلک ہوسکتا ہے۔ طبی جریدے ای لائف میں شائع تحقیق میں دونوں کے درمیان تعلق دیکھا گیا۔ تاہم محققین کے مطابق اسے براہِ راست وجہ قرار دینے کے لیے مزید تحقیق ضروری ہے۔
ڈرماٹولوجک تھراپی کے تحقیقی جائزے میں سگریٹ نوشی بھی قبل از وقت سفیدی سے منسلک پائی گئی۔ ماہرین کے مطابق بال اچانک تیزی سے سفید ہونے لگیں تو ڈاکٹر سے مشورہ کرنا چاہیے۔