برطانیہ میں بریسٹ کینسر کی سکریننگ میں اے آئی کے استعمال کا ٹرائل شروع ہو گیا ہے۔ یہ اپنی نوعیت کا دنیا کا سب سے بڑا ٹرائل ہے۔ اس میں یہ جانچا جائے گا کہ مصنوعی ذہانت بریسٹ کینسر کی جلد تشخیص میں کتنی مددگار ہے۔
بی بی سی کے مطابق ٹرائل 30 مراکز میں ہو گا اور تقریباً 3 سال جاری رہے گا۔ بریسٹ کینسر کی سکریننگ کے پہلے مرکز، کیمبرج یونیورسٹی ہسپتالوں، میں شرکا کی شمولیت کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ برطانیہ بھر میں تقریباً 7 لاکھ خواتین کو اس میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔
اس وقت چھاتی کے ہر ایکسرے، یعنی میموگرام کا جائزہ 2 ماہرین لیتے ہیں۔ ٹرائل میں ایک ماہر کی جگہ اے آئی میموگرام کا جائزہ لے گی۔ ہر میموگرام کو ایک ماہر بھی دیکھے گا۔
محققین اس بات کا جائزہ لیں گے کہ اس طریقے سے ماہرین پر کام کا بوجھ کم ہوتا ہے یا نہیں۔ وہ یہ بھی دیکھیں گے کہ مزید ٹیسٹوں کے لیے کتنی خواتین کو غیرضروری طور پر بلایا جاتا ہے۔ اس بات کا بھی جائزہ لیا جائے گا کہ کتنے ایسے کینسر تشخیص ہوتے ہیں جو کبھی علامات پیدا نہ کرتے۔