سورائسز (چنبل) کو معمولی نہ سمجھیں

ہماری جلد ہر 21 سے 28 دنوں بعد تبدیل ہوجاتی ہے اور یہ ایک منٹ میں 30 سے 40 ہزار مردہ خلیوں کو جھاڑتی ہے۔ عام حالات میں تو یہ عمل اسی شرح سے ہوتا ہے تاہم کبھی کبھار فرد کا دفاعی نظام جلد کے صحت مند خلیوں پر حملہ آور ہو جاتا ہے۔ نتیجتاً یہ دو سے چھ دنوں میں بدلنے لگتی ہے اور اس پر مردہ خلیے بھی زیادہ تعداد میں جمع ہونے لگتے ہیں۔

یہ مردہ خلیے جسم کے مختلف حصوں پر خارش زدہ دھپڑ (rashes) یا نشان کی صورت میں سامنے آتے ہیں جنہیں چنبل (psoriasis) کہا جاتا ہے۔

دھوپ کی وجہ سے جھلسن (sunburn)‘ کیڑے کے کاٹنے یا خراش کے باعث جلد پر زخم ہو تو یہ مسئلہ ہوجاتا ہے۔ تمباکونوشی یا الکوحل کا استعمال، ذہنی تناؤ، گلے یا جلد کا انفیکشن، ہائی بلڈ پریشر اور ملیریا کی ادویات کا استعمال اور خشک موسم کی وجہ سے بھی یہ مسئلہ ظاہر ہو جاتا ہے۔

چنبل کی علامات کیا ہیں

اس کی عام علامات یہ ہیں:

٭جلد پر چھوٹے یا بڑے سرخ دھبے۔

٭دھبوں پر مچھلی کی چھال نما سفید چھلکے(scales)۔

٭خارش ‘جلن اور درد۔

چنبل کی اقسام

چنبل کی کچھ قسمیں موروثی ہوتی ہیں جبکہ کچھ ماحولیاتی عناصر یا ہمارے طرز زندگی کے باعث جنم لیتی ہیں۔ اس کی بنیادی اقسام یہ ہیں:

٭پلاک سورائسز میں عموماً جلد پربڑے سرخ نشان بنتے ہیں جن کے اوپر سفید چھلکے ہوتے ہیں۔ یہ چنبل کی سب سے عام پائی جانے والی قسم ہے جوزیادہ تر کہنیوں، گھٹنوں،کمر کے نچلے حصے اور کھو پڑی کی جلد کو متاثر کرتی ہے۔جلد کی رنگت کے مطابق نشانات کا رنگ مختلف ہوسکتا ہے۔

چنبل کی اقسام

٭گٹیٹ سورائسز بچوں میں زیادہ عام ہے اور عموماً گلا خراب ہونے کے بعد ظاہر ہوتی ہے۔ اس میں ٹانگوں، پیٹ، پیڑو، چھاتی او ر بازوؤں پرچھوٹے چھوٹے دانے بنتے ہیں۔

٭پسٹیولر سورائسز میں پورے جسم یا ہتھیلیوں اور تلوؤں پر پیپ والے چھالے بنتے ہیں۔

٭اس قسم(erythrodermic psoriasis) میں سارے جسم کی جلد سرخ ہوجاتی ہے اور اس سے چھلکے اترتے ہیں۔ نتیجتاً شدید خارش اور جلن ہوتی ہے۔

٭اِنورس سورائسز جسم کے ان حصوں پر ہوتی ہے جہاں جلد فولڈ ہوتی ہے مثلاً پیٹ اور ران کا درمیانی حصہ، کولہے، چھاتیاں اور ناف وغیرہ۔ ایسے میں جلد پسینہ آنے یا خراش لگنے سے زیادہ خراب ہوتی ہے۔

٭ناخنوں کو متاثر کرنے والی قسم کے باعث ان پر گہرے نشانات بن جاتے ہیں۔ یہ غیر معمولی طور پر افزائش پاتے ہیں، ان کا رنگ تبدیل ہوجاتا ہے اور یہ جلد سے الگ بھی ہوسکتے ہیں۔

چنبل کی تشخیص اور علاج

ڈاکٹر حضرات مریض کو دیکھ کر ہی چنبل کو پہچان لیتے ہیں اور بعض صورتوں میں متاثرہ جلد کا چھوٹا سا ٹکڑا لے کر اس کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ اس کی کچھ اقسام کا مکمل طور پر علاج ممکن ہے تاہم کچھ ایسی بھی ہی جنہیں جلد پر لگانے والی مصنوعات، ادویات ، فوٹوتھیراپی یا لیزر کے ذریعے صرف کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔

یہ مکمل طور پر ختم نہیں ہوتیں۔ کچھ ہفتوں یا مہینوں بعد یہ مسئلہ زیادہ ‘پھر کم ہوجاتا ہے اور یہ سلسلہ یونہی جاری رہتا ہے۔ علاج کے لئے مناسب آپشن کا انتخاب چنبل کی قسم اور شدت کو دیکھتے ہوئے کیا جاتا ہے۔

چنبل کی پیچیدگیاں

چنبل کے شکار افراد میں بیماری شروع ہونے سے پہلے یا بعد میں آرتھرائٹس کے امکانات ہوتے ہیں ۔یہ جوڑوں میں یا ان کے گرد درد، سوزش اور سوجن کا سبب بن سکتا ہے۔ اس کی دیگر پیچیدگیاں یہ ہیں:

٭آشوب چشم،پپوٹوں کی سوزش اور آنکھ کی درمیانی تہہ کی سوجن۔

٭موٹاپا اور ذیابیطس۔

٭ہائی بلڈ پریشر اور امراض قلب۔

٭ڈپریشن اور خود اعتمادی میں کمی۔

خارش اور درد کو کم کرنے کے لئے ہدایت

٭پانی میں زیادہ دیر وقت گزارنے کے بعد جلد خشک ہوجاتی ہے اور اس پر خارش زیادہ ہوتی ہے۔ اس لئے باتھ ٹب میں نہا رہے ہوں تو اس کا دورانیہ 15منٹ سے کم رکھیں۔اسی طرح شاورمیں پانچ منٹ سے زیادہ وقت نہ گزاریں۔

٭گرم پانی سے نہانے سے گریز کریں۔

٭ہاتھ دھونے یا نہانے کے بعد متاثرہ جلد پر کریم یا موئسچرائزر لگائیں تاکہ جلد نم رہے۔ یہ عمل خارش کم کرنے اور جلد کو صحت یاب ہونے میں بھی مدد دے گا۔

٭جلد پر جمے سفید اور خشک چھلکوں کو کھینچ کر اتارنے سے گریز کریں۔ ان پر ڈاکٹر کی تجویز کردہ مصنوعات لگائیں۔جب یہ چھلکے نرم ہوجائیں تو انہیں نرمی سے اتار لیں۔

٭جلد پرمینتھول یا کافور (camphor) کی حامل مصنوعات لگانے سے بھی راحت ملتی ہے۔ تاہم ان میں سے بعض جلد کو مزید خشک بھی کر دیتی ہیں۔ اس لئے ڈاکٹر سے مشورہ ضرور کریں تاکہ وہ جلد کے لئے مناسب مصنوعات تجویز کرسکے۔

٭متاثرہ جلد پرخارش نہ کریں بلکہ موئسچرائزر لگا دیں۔

٭خارش والی جگہ پر کوئی ٹھنڈی چیز رکھیں۔

چنبل ایک غیر متعدی مرض ہے۔ اس کا مکمل علاج تو ممکن نہیں تاہم اسے کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔ اس سلسلے میں کچھ قدرتی اشیاء بھی فائدہ مند ثابت ہوتی ہیں۔ جلد پر غیر معمولی علامات ظاہر ہوں اور وہ ٹھیک نہ ہو رہی ہوں تو ماہر امراض جلد سے رابطہ کریں تاکہ ان علامات میں کمی لائی جاسکے۔

psoriasis, what is the main cause of psoriasis, psoriasis signs and symptoms, autoimmune skin disease, chanbal kya hai, shifa news, health , skin issues, skin diseases

Vinkmag ad

Read Previous

انجائنا (سینے میں درد) کے لئے مفید ٹِپس

Read Next

گردوں میں خرابی کی 10 علامات

Leave a Reply

Most Popular