Vinkmag ad

گردوں میں خرابی کی 10 علامات

صحت مند گردے خون سے زہریلے اور فاضل مادوں کو خارج کرتے ہیں۔ یہ خون کے سرخ خلیے بننے میں مدد دیتے ہیں اور الیکٹرولائٹس، معدنیات اور غذائی اجزاء کا توازن برقرار رکھتے ہیں۔ ان میں خرابی کے باعث یہ تمام کام متاثر ہوتے ہیں۔ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (امریکہ) کے مطابق دنیا بھر میں 800 ملین سے زائد افراد گردوں کے دائمی مرض میں مبتلا ہیں۔ معائنے اور ٹیسٹوں کے بعد ہی گردوں کی بیماری کی تصدیق ہوتی ہے تاہم کچھ علامات بھی اس مسئلے کی طرف توجہ دلاتی ہیں۔ ذیل میں بتائی گئی گردوں میں خرابی کی 10 علامات ظاہر ہوں تو انہیں نظر انداز نہ کریں۔

خرابی کی علامات

ان علامات کی صورت میں اپنا معائنہ ضرور کروائیں۔ ہائی بلڈ پریشر کے مریض، ذیابیطس میں مبتلا افراد، وہ جن کے خاندان میں گردوں کے ناکارہ ہونے کا مسئلہ ہو اور 60 سال سے زائد عمر کے افراد ہر سال باقاعدگی سے گردوں کا معائنہ کروائیں۔

زیادہ تھکاوٹ، کم توانائی اور توجہ قائم نہ رکھ پانا

یہ مسئلہ خون میں زہریلے اور فاضل مادوں کی مقدار بڑھنے کے باعث ہوتا ہے۔ بعض اوقات گردوں کی دائمی بیماری کے باعث انیمیا بھی ہو جاتا ہے جو تھکاوٹ اور کمزوری پیدا کر سکتا ہے۔

نیند آنے میں مشکل

گردوں کے دائمی مرض میں مبتلا افراد کو دوسروں کی نسبت سلیپ اپنیا کی شکایت زیادہ ہوتی ہے۔ اس کا سبب وہ فاضل مادے ہیں جو گردوں کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے پیشاب کے ذریعے خارج نہیں ہو پاتے اور خون میں ہی رہتے ہیں۔

خشک اور خارش زدہ جلد

یہ مسئلہ خون میں معدنیات اور غذائی اجزاء کا توازن بگڑنے کی وجہ سے ہوتا ہے۔ معدنیات اور ہڈیوں کی ایک بیماری کی صورت میں بھی جلد خشک اور خارش زدہ ہو جاتی ہے۔ یہ بیماری عموماً گردوں کے دائمی امراض کے ساتھ ہی ہوتی ہے۔

بار بار پیشاب آنا

یہ مسئلہ گردوں کے فلٹر خراب ہونے کی صورت میں ہوتا ہے۔ یہ پیشاب کی نالی میں انفیکشن یا مردوں میں پروسٹیٹ غدود کا سائز بڑھنے کی وجہ سے بھی ہو سکتا ہے۔

پیشاب میں خون

صحت مند گردے خون کے خلیوں کو جسم میں رکھتے جبکہ فاضل مادوں کو خارج کرنے کے لئے پیشاب بناتے ہیں۔ گردے خراب ہوں تو یہ خلیے پیشاب میں لیک ہوجاتے ہیں۔ گردوں کی بیماری کے علاوہ یہ گردوں میں رسولی، انفیکشن یا پتھری کی طرف اشارہ ہو سکتے ہیں۔

پیشاب میں جھاگ

ایسا پیشاب میں پروٹین کی موجودگی کے باعث ہوتا ہے۔ پیشاب میں غیر معمولی جھاگ بننا جسے بہانے کے لئے زیادہ پانی درکار ہو، گردوں میں خرابی کی ابتدائی علامت ہے۔

آنکھوں کے گرد مستقل سوجن

گردوں کے فلٹر خراب ہونے کے باعث پیشاب میں پروٹین لیک ہوجاتی ہے۔ اگریہ زیادہ مقدار میں خارج ہوتی رہے تو آنکھوں کے گرد سوجن ہو جاتی ہے۔

ٹخنوں اور پاؤں میں سوجن

یہ مسئلہ جسم میں سوڈیم جمع ہونے کی وجہ سے ہوتا ہے۔ امراض قلب، جگر کا مرض اور ٹانگوں کی وریدوں کے دائمی مسائل بھی جسم کے نچلے حصوں میں سوجن کا سبب بن سکتے ہیں۔

بھوک کم لگنا

بھوک کم لگنے کی بہت سی وجوہات میں سے ایک خون میں زہریلے مادوں کا جمع ہونا ہے جو گردوں کی خرابی کی وجہ سے ہوتا ہے۔

پٹھوں میں درد

گردوں کی ناقص کارکردگی کے باعث جسم میں الیکٹرولائٹس کا توازن بگڑ جاتا ہے۔ مثلاً کیلشیم کا لیول کم ہونے اور فاسفورس کی مقدار کنٹرول میں نہ ہونے سے پٹھوں میں درد ہونے لگتا ہے۔

گردوں میں خرابی کی 10 علامات-شفانیوز

Vinkmag ad

Read Previous

سورائسز (چنبل) کو معمولی نہ سمجھیں

Read Next

سانس کا پھولنا: علامات، وجوہات اور علاج

Leave a Reply

Most Popular