برطانیہ میں 20 سالہ طالب علم نزلہ زکام کی دو ادویات بیک وقت لینے سے پیراسیٹامول کی اوور ڈوز کا شکار ہوگیا۔ حالت بگڑنے پر اس کے جگر، گردوں اور پھیپھڑوں سمیت متعدد اعضا نے کام کرنا چھوڑ دیا۔
بی بی سی کے مطابق رائلی لوباس کو مارچ 2025 میں یونیورسٹی کے پہلے سال کے دوران نزلہ زکام ہوا۔ اس نے لاعلمی میں تقریباً چار روز تک پیراسیٹامول والی دونوں ادویات استعمال کیں۔ پیٹ میں درد ہونے پر وہ ہسپتال پہنچا، جہاں ٹیسٹوں سے جگر کی شدید خرابی سامنے آئی۔
حالت تیزی سے بگڑنے پر اسے لائف سپورٹ اور ڈائلیسز پر منتقل کیا گیا۔ بعد میں اسے لندن کے کنگز کالج ہسپتال منتقل کیا گیا۔ وہ جگر کی پیوندکاری کا منتظر تھا، تاہم چند روز بعد جگر کی حالت بہتر ہونے لگی۔ ایک ہفتے بعد اسے لائف سپورٹ اور ڈائلیسز سے ہٹا دیا گیا۔
رائل کالج آف جنرل پریکٹیشنرز ویلز نے خبردار کیا ہے کہ مختلف ادویات میں ایک ہی جزو موجود ہو سکتا ہے۔ اس لیے ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر ادویات استعمال نہ کریں۔ ماہرین نے عام ادویات استعمال کرنے سے پہلے لیبل اور اجزا غور سے پڑھنے کی ہدایت کی ہے۔