ماہرین کے مطابق کیفین والی کافی کا تعلق بے چینی میں کمی اور بہتر توجہ سے ہے، جبکہ بغیر کیفین کافی بہتر یادداشت سے تعلق رکھتی ہے۔ یہ بات یونیورسٹی کالج کارک کی نئی تحقیق میں سامنے آئی ہے، جو طبی جریدے نیچر کمیونیکیشنز میں شائع ہوئی۔
تحقیق میں 62 صحت مند افراد شامل تھے۔ ان میں 31 باقاعدگی سے کافی پیتے تھے، جبکہ باقی کافی نہیں پیتے تھے۔ کافی پینے والوں نے پہلے دو ہفتے کافی چھوڑ دی۔ بعد میں انہیں کیفین والی یا بغیر کیفین کافی دی گئی۔
نتائج کے مطابق دونوں اقسام کی کافی کے بعد تناؤ، ڈپریشن کی علامات اور جلد بازی کے رویے میں کمی دیکھی گئی۔ تاہم دونوں کے اثرات میں فرق بھی سامنے آیا۔ بغیر کیفین کافی پینے والوں میں سیکھنے اور یادداشت میں بہتری دیکھی گئی۔ کیفین والی کافی پینے والوں میں بے چینی کم اور توجہ بہتر رہی۔
محققین نے آنتوں کے بعض بیکٹیریا اور میٹابولائٹس میں بھی تبدیلیاں ریکارڈ کیں۔ ان کے مطابق یہ نتائج کافی، آنتوں اور دماغ کے باہمی تعلق کو سمجھنے میں مدد دے سکتے ہیں۔ تاہم شرکا کی محدود تعداد کے باعث ان نتائج کی تصدیق کے لیے مزید تحقیق ضروری ہے۔