Vinkmag ad

نپل سے رطوبت کا اخراج

A woman consults a female doctor about nipple discharge in a hospital room, with both viewed from behind.

حمل اور دودھ پلانے کے دوران نپل سے رطوبت کا اخراج (Nipple Discharge) معمول کا عمل ہے۔ بالعموم دیگر اوقات میں بھی یہ ہمیشہ تشویش کی بات نہیں ہوتی، لیکن اگر یہ نئی علامت ہو تو ڈاکٹر سے رابطہ ضروری ہے۔ مردوں میں نپل سے کسی بھی قسم کی رطوبت کا اخراج غیر معمولی سمجھا جاتا ہے اور اس کی فوری طبی جانچ کرانی چاہیے۔

رطوبت ایک یا دونوں نپلوں سے خارج ہو سکتی ہے۔ یہ نپل یا چھاتی کو دبانے سے بھی نکل سکتی ہے یا بغیر دبائے خودبخود بھی خارج ہو سکتی ہے۔ یہ رطوبت دودھ لے جانے والی ایک یا ایک سے زیادہ نالیوں سے آ سکتی ہے۔

رطوبت دودھ جیسی، شفاف، زرد، سبز، بھوری، سرمئی یا خون آلود ہو سکتی ہے۔ اس کی ساخت پتلی اور پانی جیسی یا پتلی مگر چپچپی بھی ہو سکتی ہے۔

وجوہات

حمل اور دودھ پلانے کے دوران نپل سے رطوبت کا اخراج چھاتی کے معمول کے افعال کا حصہ ہوتا ہے۔ دودھ پلانا بند کرنے کے بعد بھی دودھ جیسی رطوبت عموماً دونوں چھاتیوں سے آ سکتی ہے۔ یہ کیفیت بچے کی پیدائش یا دودھ چھڑانے کے بعد ایک سال یا اس سے زیادہ عرصے تک جاری رہ سکتی ہے۔

پیپیلوما (Papilloma) دودھ کی نالی میں بننے والی ایک غیر سرطانی رسولی ہے، جو بعض اوقات خون آلود رطوبت کا باعث بنتی ہے۔ اس صورت میں رطوبت عموماً خودبخود خارج ہوتی ہے، اور صرف ایک دودھ کی نالی سے آتی ہے۔ اگر رطوبت خون آلود ہو تو بعض اوقات یہ خود ہی بند ہو جاتی ہے، تاہم اس کی وجہ معلوم کرنے کے لیے ڈاکٹر عموماً تشخیصی میموگرام اور بریسٹ الٹراساؤنڈ تجویز کرتے ہیں۔

زیادہ تر صورتوں میں نپل سے رطوبت کا اخراج کسی بے ضرر وجہ سے ہوتا ہے، لیکن درج ذیل علامات کی موجودگی میں یہ بریسٹ کینسر کی نشاندہی بھی کر سکتا ہے:

٭ چھاتی میں گلٹی موجود ہونا

٭ رطوبت صرف ایک چھاتی سے خارج ہونا

٭ رطوبت کا خون آلود یا شفاف ہونا

٭ رطوبت کا بغیر دبائے خودبخود آنا اور مسلسل جاری رہنا

٭ واضح ہو کہ رطوبت صرف ایک دودھ کی نالی سے خارج ہو رہی ہے

نپل سے رطوبت کے ممکنہ اسباب میں شامل ہیں:

٭ بریسٹ ایبسیس (چھاتی میں پیپ بن جانا)

٭ مانع حمل گولیوں کا استعمال

٭ بریسٹ کینسر

٭ چھاتی کا انفیکشن

٭ ڈکٹل کارسینوما اِن سیٹو (ڈی سی آئی ایس)

٭ اینڈوکرائن نظام کی بیماریاں

٭ فائبروسسٹک بریسٹ

٭ گیلیکٹوریا

٭ ہائپوتھائیرائیڈزم (تھائیرائیڈ غدود کی کم فعالیت)

٭ چھاتی پر چوٹ

٭ اِنٹراڈکٹل پیپیلوما

٭ میمری ڈکٹ ایکٹیشیا

٭ بعض ادویات

٭ ماہواری کے دوران ہارمونز میں تبدیلیاں

٭ بریسٹ کی پیجٹ بیماری

٭ پیری ڈکٹل ماسٹائٹس

٭ حمل اور دودھ پلانا

٭ پرولیکٹینوما

ڈاکٹر سے کب رجوع کریں

نپل سے رطوبت کا اخراج شاذونادر ہی بریسٹ کینسر کی علامت ہوتا ہے، تاہم یہ کسی ایسی بیماری کی نشاندہی کر سکتا ہے جس کے علاج کی ضرورت ہو۔ اگر آپ کو ماہواری آتی ہے اور اگلی ماہواری گزرنے کے بعد بھی نپل سے رطوبت کا اخراج بند نہ ہو تو ڈاکٹر سے معائنہ کرائیں۔

اگر آپ مینوپاز کے مرحلے سے گزر چکی ہیں اور ایک ہی چھاتی سے شفاف یا خون آلود رطوبت بغیر دبائے خودبخود خارج ہو رہی ہو تو فوراً ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

اس دوران نپلوں کو نہ دبائیں، نہ ان کا مساج کریں اور نہ ہی بار بار رطوبت چیک کرنے کی کوشش کریں۔ نپلوں کو بار بار چھیڑنے یا کپڑوں کی مسلسل رگڑ سے رطوبت کا اخراج برقرار رہ سکتا ہے۔

Frequently Asked Questions (FAQs)

کیا نپل سے رطوبت کا اخراج ہمیشہ بیماری کی علامت ہوتا ہے؟

نہیں۔ حمل، دودھ پلانے اور بعض ہارمونل تبدیلیوں کے دوران یہ ایک معمول کی کیفیت ہو سکتی ہے، تاہم نئی یا غیر معمولی رطوبت کی طبی جانچ ضروری ہے۔

رطوبت کا کون سا رنگ زیادہ تشویش کا باعث بن سکتا ہے؟

خون آلود یا شفاف رطوبت، خاص طور پر اگر صرف ایک چھاتی سے خودبخود خارج ہوتو یہ زیادہ توجہ اور طبی معائنے کی متقاضی ہوتی ہے۔

نپل سے رطوبت کی تشخیص کے لیے کون سے ٹیسٹ کیے جا سکتے ہیں؟

علامات کے مطابق ڈاکٹر تشخیصی میموگرام، بریسٹ الٹراساؤنڈ اور ضرورت پڑنے پر بائیوپسی تجویز کر سکتے ہیں تاکہ اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔

نوٹ: یہ مضمون صرف قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں ہمیشہ اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

ڈاکٹر سے رابطے کے لیے لنک پر کلک کریں ⬇️

https://www.shifa.com.pk/find-a-doctor?speciality=breast-surgeon

Vinkmag ad

Read Previous

ریڈی ایشن سکنس: زیادہ ریڈی ایشن سے جسمانی نقصان

Read Next

بون میرو بائیوپسی اور ایسپیریشن

Leave a Reply

Most Popular