امریکا میں تھائیرائڈ کی دوا کا ایک مخصوص بیچ واپس منگوا لیا گیا ہے۔ خدشہ ہے کہ اس میں دوا کے مؤثر جزو کی مقدار مقررہ حد سے زیادہ ہے، جس سے سنگین طبی مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ اسی خطرے کے باعث ایف ڈی اے نے ریکال کو درجہ اول میں شامل کیا ہے۔ یہ اس حوالے سے ادارے کی سب سے اعلیٰ ترین درجہ بندی ہے۔
یو ایس اے ٹو ڈے کے مطابق دوا ساز کمپنی وٹروویاس تھیراپیوٹکس نے 30 ملی گرام تھائیرائڈ گولیوں کے بیچ نمبر 504950 کو واپس منگوایا ہے۔ یہ گولیاں امریکا بھر میں تقسیم کی گئی تھیں اور ان کی میعاد 30 ستمبر 2026 تک ہے۔
دوا میں فعال جزو کی زیادہ مقدار جسم میں تھائیرائڈ ہارمون بڑھا سکتی ہے۔ اس سے دل کی دھڑکن تیز یا بے ترتیب ہونے کے علاوہ بلڈ پریشر بڑھ سکتا ہے۔ سینے میں درد، گھبراہٹ اور کمزوری بھی ممکن ہے۔ بزرگوں اور حاملہ خواتین میں سنگین اثرات کا خطرہ زیادہ ہو سکتا ہے۔
مریضوں کو اپنی دوا کا بیچ نمبر چیک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ متاثرہ بیچ کی دوا موجود ہو تو ڈاکٹر یا فارماسسٹ سے رابطہ کریں، تاہم ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر تھائیرائڈ کی دوا بند نہ کریں۔