پپوٹوں کی کاسمیٹک سرجری کے بعد بعض مریضوں میں سنگین مسائل سامنے آئے ہیں۔ برطانوی ماہرین کے مطابق دوسرے ممالک میں سرجری کرانے والے بعض مریضوں میں زخم کھلنے، انفیکشن اور آنکھیں مکمل بند نہ ہونے جیسی پیچیدگیاں دیکھی گئی ہیں۔ ماہرین نے محض کم قیمت کی وجہ سے سرجری کے معیار اور بعد از علاج دیکھ بھال پر سمجھوتہ نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
بی بی سی کے مطابق بلیفروپلاسٹی سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہوئی ہے۔ گزشتہ تین برس میں برطانوی سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اس سے متعلق ویڈیوز تقریباً 15 کروڑ بار دیکھی گئیں۔ یہ تعداد اس سے پہلے کے تین برس کے مقابلے میں پانچ گنا زیادہ ہے۔
رپورٹ میں شامل ایک خاتون کے بقول سرجری کے دوران انہیں شدید درد ہوا۔ بعد ازاں انہیں دیکھنے میں دشواری ہوئی اور ٹانکوں سے خون آنے لگا۔ ایک اور خاتون کے زخم کھل گئے اور انفیکشن ہوگیا۔ معائنے میں معلوم ہوا کہ ان کے پپوٹوں سے ضرورت سے زیادہ جلد ہٹائی گئی تھی۔
ماہرین کے مطابق زیادہ جلد ہٹانے سے آنکھیں مکمل بند کرنے میں دشواری ہو سکتی ہے۔ انہوں نے سرجری کے بعد مناسب دیکھ بھال پر بھی زور دیا ہے۔