لاہور میں بغیر لائسنس اور رجسٹریشن کے سرنجیں تیار کرنے والی فیکٹری سیل کر دی گئی۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) نے تین اور پانچ ملی لیٹر کی بڑی تعداد میں غیر رجسٹرڈ سرنجیں قبضے میں لے لیں۔
این این آئی کے مطابق لاہور میں تعینات فیڈرل ڈرگ انسپکٹر نے ڈریپ ٹیم کے ہمراہ فیکٹری پر چھاپہ مارا۔ حکام کے مطابق وہاں قانونی اجازت کے بغیر سرنجیں تیار اور پیک کی جا رہی تھیں۔ ٹیم نے تیاری اور پیکنگ میں استعمال ہونے والا سامان بھی ضبط کر لیا۔
ڈریپ کے مطابق کارروائی کا مقصد غیر قانونی طبی آلات کی تیاری اور فراہمی روکنا ہے۔ غیر معیاری یا آلودہ سرنجوں سے ہیپاٹائٹس سی اور ایڈز سمیت خون کے ذریعے منتقل ہونے والی بیماریوں کا خطرہ بڑھتا ہے، تاہم برآمد شدہ سرنجوں کے آلودہ ہونے کی تصدیق نہیں ہوئی۔
Tags: ڈریپ