بوٹولزم (Botulism) ایک نایاب مگر انتہائی سنگین بیماری ہے، جو بوٹولینم ٹاکسن کی وجہ سے ہوتی ہے۔ یہ ٹاکسن کلسٹریڈیم بوٹولینم نامی بیکٹیریا پیدا کرتا ہے اور جسم کے اعصابی نظام کو متاثر کرتا ہے۔ بروقت علاج نہ ہونے کی صورت میں یہ بیماری سانس لینے میں دشواری، فالج اور جان لیوا پیچیدگیوں کا سبب بن سکتی ہے۔
بوٹولزم کی اقسام
بوٹولزم کی اہم اقسام درج ذیل ہیں:
٭ خوراک سے ہونے والا بوٹولزم
٭ زخم سے ہونے والا بوٹولزم
٭ شیر خوار بچوں میں بوٹولزم
٭ آئیٹروجینک بوٹولزم، جو کاسمیٹک یا طبی علاج کے دوران بوٹولینم ٹاکسن کے استعمال سے پیدا ہو سکتا ہے
٭ سانس کے ذریعے ہونے والا بوٹولزم، جو انتہائی نایاب ہے
علامات
بوٹولزم کی علامات اس کی قسم کے مطابق مختلف ہو سکتی ہیں۔
خوراک اور زخم سے ہونے والے بوٹولزم کی عام، مشترک علامات
٭ نگلنے یا بولنے میں دشواری
٭ منہ خشک ہونا
٭ چہرے کے دونوں جانب پٹھوں کی کمزوری
٭ دھندلا دکھائی دینا یا ایک چیز دو نظر آنا
٭ پلکوں کا جھک جانا
٭ سانس لینے میں دشواری
٭ جسم کا مفلوج ہو جانا
خوراک سے ہونے والے بوٹولزم میں علامات عموماً آلودہ خوراک کھانے کے 12 سے 36 گھنٹے بعد ظاہر ہوتی ہیں، تاہم بعض اوقات یہ چند گھنٹوں یا کئی دن بعد بھی سامنے آ سکتی ہیں۔ اس میں متلی، قے، پیٹ میں مروڑ اور معدے کی خرابی بھی ہو سکتی ہے۔
زخم سے ہونے والے بوٹولزم میں علامات عموماً تقریباً 10 دن بعد ظاہر ہوتی ہیں۔ اگر زخم میں انفیکشن ہو تو بخار بھی ہو سکتا ہے، جبکہ بعض اوقات زخم پر سوجن یا رنگت میں واضح تبدیلی نظر نہیں آتی۔
شیر خوار بچوں میں بوٹولزم کی علامات عموماً 18 سے 36 گھنٹے بعد ظاہر ہوتی ہیں۔ ان میں قبض، دودھ پینے یا خوراک لینے میں دشواری، کمزور آواز میں رونا، پٹھوں کی کمزوری، چڑچڑا پن، منہ سے رال ٹپکنا، پلکوں کا جھک جانا، غیر معمولی تھکن، اور جسم کا مفلوج ہو جانا شام لہیں
آئیٹروجینک بوٹولزم اس کی نایاب قسم ہے جو کاسمیٹک یا طبی علاج کے دوران بوٹولینم ٹاکسن کی زیادہ مقدار یا غلط استعمال سے ہو سکتی ہے۔ ممکنہ علامات میں سر درد، چہرے کے پٹھوں کی حرکت کم یا بند ہو جانا، اور پٹھوں کی کمزوری شامل ہیں۔
وجوہات
خوراک سے ہونے والا بوٹولزم
یہ عموماً آلودہ یا غلط طریقے سے محفوظ کی گئی خوراک کھانے سے ہوتا ہے۔ زیادہ خطرہ ان غذاؤں میں ہوتا ہے جو گھریلو طور پر ڈبہ بند یا محفوظ کی گئی ہوں۔ پھل، سبزیاں، مچھلی، مرچیں، ایلومینیم ورق میں لپٹے ہوئے بیک کیے گئے آلو، لہسن ملا تیل اس کی مثالیں ہیں۔
زخم سے ہونے والا بوٹولزم
یہ اس وقت ہوتا ہے جب کلسٹریڈیم بوٹولینم بیکٹیریا کسی زخم میں داخل ہو کر ٹاکسن پیدا کرنا شروع کر دیتا ہے۔
شیر خوار بچوں میں بوٹولزم
یہ اس وقت ہوتا ہے جب بچے کے جسم میں کلسٹریڈیم بوٹولینم کی غیر فعال شکل آنتوں میں پہنچ کر فعال ہو جاتی ہے اور ٹاکسن پیدا کرنا شروع کر دیتی ہے۔ بعض اوقات ایک سال سے کم عمر بچوں کو شہد دینے یا مٹی سے رابطے کے باعث بھی اس بیماری کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
آئیٹروجینک بوٹولزم
یہ کاسمیٹک یا طبی علاج کے دوران بوٹولینم ٹاکسن کی زیادہ مقدار یا غلط استعمال سے ہو سکتا ہے۔ یہ صورت جھریاں کم کرنے یا مائگرین کے علاج کے دوران بھی پیش آ سکتی ہے۔
سانس کے ذریعے ہونے والا بوٹولزم
یہ انتہائی نایاب قسم ہے، جس میں بوٹولینم ٹاکسن سانس کے ذریعے جسم میں داخل ہو جاتا ہے۔ اس کا تعلق قدرتی طور پر ہونے والی بیماری سے زیادہ غیر معمولی حالات، مثلاً حیاتیاتی ہتھیار کے استعمال سے ہو سکتا ہے۔
ڈاکٹر سے کب رجوع کریں
اگر آپ کو بوٹولزم کی علامات محسوس ہوں یا شبہ ہو کہ آپ یا آپ کا بچہ اس بیماری کا شکار ہے، تو فوراً طبی امداد حاصل کریں۔ بروقت علاج سنگین پیچیدگیوں کے خطرے کو کم کر سکتا ہے۔
خطرے کے عوامل
یہ عوامل بوٹولزم کا خطرہ بڑھا سکتے ہیں:
٭ ایسی خوراک کھانا، جسے درست طریقے سے محفوظ یا ذخیرہ نہ کیا گیا ہو
٭ انجیکشن کے ذریعے منشیات استعمال کرنا
٭ ایک سال سے کم عمر بچوں کو شہد یا شہد سے بنی غذائیں دینا
پیچیدگیاں
بوٹولینم ٹاکسن جسم کے پٹھوں کو کنٹرول کرنے والے اعصاب کو متاثر کرتا ہے، جس سے مختلف پیچیدگیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔ سب سے سنگین پیچیدگی سانس نہ لے پانا ہے، جو بوٹولزم سے ہونے والی اموات کی ایک اہم وجہ ہے۔ دیگر ممکنہ پیچیدگیوں میں شامل ہیں:
٭ بولنے اور نگلنے میں دشواری
٭ طویل عرصے تک پٹھوں کی کمزوری برقرار رہنا
٭ سانس پھولنا
تشخیص
بوٹولزم کی تشخیص کے لیے ڈاکٹر مریض کی علامات، جسمانی معائنے اور طبی تاریخ کا جائزہ لیتا ہے۔ اس دوران ان باتوں پر خاص توجہ دی جا سکتی ہے:
٭ پٹھوں کی کمزوری یا جسم کے کسی حصے کا مفلوج ہونا
٭ گزشتہ چند دنوں میں کھائی گئی خوراک
٭ کسی زخم میں انفیکشن کا شبہ
٭ شیر خوار بچے کو شہد دیے جانے کی تاریخ
٭ قبض یا معمول سے کم سرگرمی
خون، الٹی، پاخانے یا مشتبہ خوراک کے نمونے میں بوٹولینم ٹاکسن کی جانچ سے تشخیص کی تصدیق میں مدد مل سکتی ہے۔ تاہم، ان ٹیسٹوں کے نتائج آنے میں کئی دن لگ سکتے ہیں، اس لیے ابتدائی تشخیص عموماً جسمانی معائنے اور علامات کی بنیاد پر کی جاتی ہے۔
علاج
بوٹولزم ایک طبی ہنگامی صورتِ حال ہے، اس لیے بروقت علاج انتہائی اہم ہے۔ علاج کا انتخاب بیماری کی قسم اور شدت کے مطابق کیا جاتا ہے۔
اینٹی ٹاکسن: اگر خوراک یا زخم سے ہونے والے بوٹولزم کی بروقت تشخیص ہو جائے تو ڈاکٹر اینٹی ٹاکسن انجیکشن دے سکتا ہے۔ یہ دوا جسم میں موجود ٹاکسن کے مزید اثرات کو روکنے میں مدد دیتی ہے، تاہم پہلے سے ہونے والے اعصابی نقصان کو ختم نہیں کرتی۔
سانس لینے میں مدد: اگر مریض کو سانس لینے میں دشواری ہو تو کئی ہفتوں تک میکینیکل وینٹی لیٹر کی ضرورت پڑ سکتی ہے، تاکہ جسم ٹاکسن کے اثرات سے صحت یاب ہو سکے۔
زخم کا علاج: اگر بوٹولزم زخم میں انفیکشن کی وجہ سے ہوا ہو تو متاثرہ ٹشوز کو نکالنے کے لیے سرجری کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
اینٹی بائیوٹکس: اینٹی بائیوٹکس صرف زخم سے ہونے والے بوٹولزم میں استعمال کی جاتی ہیں۔ خوراک، شیر خوار بچوں یا دیگر اقسام کے بوٹولزم میں یہ عام طور پر تجویز نہیں کی جاتیں۔
معاون علاج: خوراک سے ہونے والے بوٹولزم میں بعض مریضوں کو معدے سے آلودہ مواد خارج کرنے کے لیے مناسب ادویات دی جا سکتی ہیں۔ صحت یابی کے دوران بعض افراد کو غذائی معاونت، فزیوتھراپی اور بحالی کے دیگر طریقوں کی بھی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
Frequently Asked Questions (FAQs)
کیا اینٹی ٹاکسن پہلے سے ہونے والے اعصابی نقصان کو ختم کر دیتا ہے؟
نہیں۔ اینٹی ٹاکسن مزید نقصان کو روکنے میں مدد دیتا ہے، جبکہ متاثرہ اعصاب وقت کے ساتھ آہستہ آہستہ بحال ہوتے ہیں۔
بوٹولزم میں وینٹی لیٹر کی ضرورت کب پیش آتی ہے؟
جب مریض کو سانس لینے میں شدید دشواری ہو یا سانس کے پٹھے متاثر ہو جائیں۔
کیا ہر قسم کے بوٹولزم میں اینٹی بائیوٹکس دی جاتی ہیں؟
نہیں۔ اینٹی بائیوٹکس صرف زخم سے ہونے والے بوٹولزم میں استعمال کی جاتی ہیں۔
نوٹ: یہ مضمون صرف معلوماتی مقاصد کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق کسی بھی مسئلے میں ہمیشہ اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔
https://www.shifa.com.pk/specialities/gastroenterology-and-hepatology/islamabad