سٹریچ مارکس (Stretch Marks) جلد پر بننے والی باریک لکیریں یا نشانات ہیں. یہ اکثر حمل یا جسم کے تیزی سے پھیلنے کے دوران بنتے ہیں۔ سٹریچ مارکس نقصان دہ نہیں ہوتے اور وقت کے ساتھ ہلکے پڑ سکتے ہیں، لیکن مکمل طور پر ختم نہیں ہوتے۔
علامات
سٹریچ مارکس کی علامات یہ ہیں:
٭ پیٹ، چھاتی، کولہوں یا جسم کے دیگر حصوں پر دھنسے ہوئے نشانات یا لکیریں
٭ گلابی، سرخ، سیاہ، نیلی یا جامنی لکیریں
٭ وقت کے ساتھ ہلکے رنگ کی ہونے والی لکیریں
٭ جسم کے بڑے حصے پر پھیلے ہوئے نشانات
ڈاکٹر سے کب رجوع کریں
اگر سٹریچ مارکس کی وجہ سے پریشانی ہو یا یہ جسم کے بڑے حصے پر پھیل جائیں تو ڈاکٹر سے مشورہ کریں۔
وجوہات
سٹریچ مارکس جلد کے زیادہ کھچاؤ کی وجہ سے بنتے ہیں۔ ان کی شدت موروثی عوامل، جلد پر پڑنے والے دباؤ اور بعض ہارمونزمثلاً کورٹیسول (Cortisol) وغیرہ سے متاثر ہو سکتی ہے۔
خطرے کے عوامل
یہ اس کے خطرے کو بڑھا سکتے ہیں:
٭ خواتین میں زیادہ پایا جانا
٭ سٹریچ مارکس کی ذاتی یا فیملی ہسٹری
٭ حمل، خاص طور پر کم عمری میں
٭ بلوغت کے دوران تیز جسمانی نشوونما
٭ وزن کا تیزی سے بڑھنا یا کم ہونا
٭ کورٹیکوسٹیرائیڈ ادویات کا استعمال
٭ بریسٹ بڑھانے کی سرجری کروانا
٭ اینابولک سٹیرائیڈز کا استعمال
٭ کشنگ سنڈروم یا مارفان سنڈروم جیسی جینیاتی بیماریاں
تشخیص
اس کی تشخیص عموماً جلد کے معائنے اور طبی تاریخ کی بنیاد پر کی جاتی ہے۔ بعض صورتوں میں ہارمونز سے متعلق مسئلے کے شبہے پر مزید ٹیسٹ بھی کیے جا سکتے ہیں۔
علاج
سٹریچ مارکس کا علاج ضروری نہیں ہوتا، کیونکہ یہ عام طور پر وقت کے ساتھ ہلکے ہو جاتے ہیں۔ ظاہری شکل بہتر بنانے کے لیے یہ طریقے استعمال کیے جا سکتے ہیں:
٭ ریٹینوئڈ کریم (وٹامن اے سے تیار کردہ کریم)
٭ لائٹ اور لیزر تھیراپی
٭ مائیکرونیڈلنگ (باریک سوئیوں کے ذریعے علاج)
علاج کا انتخاب سٹریچ مارکس کی مدت، جلد کی قسم، لاگت اور متوقع نتائج کو مدنظر رکھ کر کیا جاتا ہے۔
Frequently Asked Questions (FAQs)
سٹریچ مارکس کیا ہیں؟
یہ جلد پر بننے والی لکیریں یا نشانات ہیں جو جلد کے کھچاؤ کی وجہ سے بنتے ہیں۔
کیا سٹریچ مارکس نقصان دہ ہوتے ہیں؟
نہیں۔
کیا سٹریچ مارکس خود ختم ہو جاتے ہیں؟
یہ وقت کے ساتھ ہلکے ہو سکتے ہیں، لیکن مکمل طور پر ختم نہیں ہوتے۔
سٹریچ مارکس زیادہ کن حصوں پر بنتے ہیں؟
یہ عموماً پیٹ، چھاتی، رانوں اور کولہوں پر بنتے ہیں۔
کیا سٹریچ مارکس کا علاج ممکن ہے؟
علاج سے ان کی ظاہری شکل بہتر ہو سکتی ہے، لیکن مکمل خاتمہ یقینی نہیں ہوتا۔
نوٹ یہ مضمون صرف معلوماتی مقاصد کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ جلد سے متعلق کسی بھی مسئلے کی صورت میں مستند معالج سے مشورہ کریں۔