گردے کے کینسر کے علاج میں ریڈی ایشن اور آپریشن کے امتزاج سے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں۔ ایک امریکی تحقیق کے مطابق اس طریقے سے علاج کے بعد کینسر دوبارہ ہونے کا امکان کم ہوسکتا ہے۔
یو ٹی ساؤتھ ویسٹرن میڈیکل سینٹر کی تحقیق میں 23 مریض شامل تھے۔ ان کا کینسر گردے سے پھیل کر دل تک خون پہنچانے والی ایک بڑی رگ میں داخل ہوچکا تھا۔ اس وجہ سے آپریشن مشکل تھا۔
مریضوں کو پہلے تین یا پانچ نشستوں میں ریڈی ایشن دی گئی۔ بعد میں 22 مریضوں کے متاثرہ گردے اور رگ میں موجود ٹیومر آپریشن سے نکالے گئے۔ ایک سال بعد 71.4 فیصد مریضوں میں کینسر دوبارہ ظاہر نہیں ہوا۔ بعض مریضوں کے جسم کے دوسرے حصوں میں موجود ٹیومر بھی سکڑ گئے۔ نتائج طبی جریدے جاما اونکالوجی میں شائع ہوئے۔
Tags: گردے کا کینسر