Vinkmag ad

پروسٹیٹ بائیوپسی

مردوں میں اخروٹ کے سائز کا ایک چھوٹا سا غدود ہوتا ہے جسے پروسٹیٹ کہتے ہیں۔ یہ ایسا سیال مادہ پیدا کرتا ہے جو سپرم کی غذائی ضروریات پوری کرتا ہے، اور اس کی منتقلی میں مدد دیتا ہے۔ پروسٹیٹ بائیوپسی (Prostate biopsy) میں پروسٹیٹ سے ٹشوز کے نمونے حاصل کیے جاتے ہیں۔

پروسٹیٹ غدود سے ٹشو کے متعدد نمونے لینے کے لیے ایک باریک سوئی استعمال کی جاتی ہے۔ یہ عمل پیشاب کے نظام اور مردانہ تولیدی اعضا کے ماہر ڈاکٹر (یورولوجسٹ) انجام دیتے ہیں۔

اگر پروسٹیٹ سپیسفک اینٹی جن (پی ایس اے) بلڈ ٹیسٹ یا ڈیجیٹل ریکٹل معائنے میں پروسٹیٹ کینسر کا شبہہ ظاہر ہو تو یورولوجسٹ پروسٹیٹ بائیوپسی تجویز کر سکتا ہے۔ حاصل شدہ نمونوں کا خوردبین کے ذریعے جائزہ لیا جاتا ہے تاکہ خلیوں میں غیر معمولی صورت حال کا پتا چلایا جا سکے، جو پروسٹیٹ کینسر کی علامت ہو سکتی ہیں۔ اگر کینسر موجود ہو تو اس کی شدت اور بڑھنے کی ممکنہ رفتار کا اندازہ لگایا جاتا ہے۔

کیوں کی جاتی ہے

پروسٹیٹ بائیوپسی پروسٹیٹ کینسر کی تشخیص کے لیے کی جاتی ہے۔ ڈاکٹر پروسٹیٹ بائیوپسی تجویز کر سکتا ہے، اگر:

٭ پی ایس اے کی سطح آپ کی عمر کے لحاظ سے معمول سے زیادہ ہو

٭ ڈیجیٹل ریکٹل معائنے کے دوران ڈاکٹر کو گلٹیاں یا دیگر غیر معمولی علامات محسوس ہوں

٭ پہلے بائیوپسی کا نتیجہ نارمل آیا ہو، لیکن پی ایس اے کی سطح اب بھی بلند ہو

٭ پچھلی بائیوپسی میں پروسٹیٹ کے ایسے خلیے ملے ہوں جو غیر معمولی، مگر کینسر زدہ نہیں تھے

خطرات

پروسٹیٹ بائیوپسی سے وابستہ خطرات میں شامل ہیں:

بائیوپسی کی جگہ سے خون بہنا: پروسٹیٹ بائیوپسی کے بعد مقعد سے معمولی خون آنا نارمل ہے

منی میں خون آنا: بائیوپسی کے بعد منی کا سرخ یا زنگ آلود رنگ دکھائی دینا عام ہے۔ یہ خون کی موجودگی کی نشاندہی کرتا ہے اور عموماً تشویش کی بات نہیں ہوتی۔ یہ کیفیت کئی ہفتوں تک برقرار رہ سکتی ہے

پیشاب میں خون آنا: یہ خون بہنا عموماً معمولی نوعیت کا ہوتا ہے

پیشاب کرنے میں دشواری: بعض اوقات بائیوپسی کے بعد پیشاب کرنے میں مشکل پیش آ سکتی ہے۔ شاذ و نادر صورتوں میں عارضی طور پر کیتھیٹر لگانا پڑ سکتا ہے

انفیکشن: بہت کم صورتوں میں پروسٹیٹ بائیوپسی پیشاب کی نالی یا پروسٹیٹ میں انفیکشن کا سبب بن سکتی ہے۔ ایسے میں اینٹی بائیوٹکس سے علاج درکار ہوتا ہے

تیاری کیسے کریں

پروسٹیٹ بائیوپسی کی تیاری کے لیے آپ کا یورولوجسٹ درج ذیل اقدامات کی ہدایت دے سکتا ہے:

٭ پیشاب کا نمونہ فراہم کریں تاکہ پیشاب کی نالی میں انفیکشن کی جانچ کی جا سکے۔ اگر انفیکشن موجود ہو تو بائیوپسی مؤخر کی جا سکتی ہے، جب تک اینٹی بایوٹکس کے ذریعے انفیکشن ختم نہ ہو جائے

٭ ایسی ادویات لینا بند کریں جو خون بہنے کے خطرے میں اضافہ کر سکتی ہیں

٭ بائیوپسی سے پہلے گھر پر آنتوں کی صفائی کے لیے اینیما استعمال کریں۔ یہ ایک پروسیجر ہے جس میں مقعد کے ذریعے پانی یا مخصوص محلول داخل کر کے آنتوں کو صاف کیا جاتا ہے

٭ بائیوپسی سے پہلے اینٹی بائیوٹکس لیں تاکہ انفیکشن کے خطرے کو کم کیا جا سکے

پروسٹیٹ بائیوپسی کے طریقے

پروسٹیٹ بائیوپسی کے نمونے مختلف طریقوں سے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ آپ کی بائیوپسی میں درج ذیل طریقوں میں سے کوئی ایک شامل ہو سکتا ہے:

ٹرانس ریکٹل بائیوپسی: سوئی کو مقعد کی دیوار سے گزار کر پروسٹیٹ تک پہنچانا۔ یہ پروسٹیٹ بائیوپسی کا سب سے عام طریقہ ہے

ٹرانس پیرینیئل بائیوپسی: سوئی کو مقعد اور خصیوں کی تھیلی کے درمیان جلد کے حصے سے گزارنا۔ اس طریقے میں مقعد اور خصیوں کی تھیلی کے درمیان جلد کے حصے (پیرینیم) میں ایک چھوٹا کٹ لگایا جاتا ہے۔ اس عمل کی راہنمائی کے لیے عموماً ایم آر آئی یا سی ٹی سکین سکین استعمال کیا جاتا ہے

ٹرانس ریکٹل پروسٹیٹ بائیوپسی

آپ کو کروٹ کے بل لیٹنے اور گھٹنوں کو سینے کی طرف موڑنے کے لیے کہا جائے گا۔ بعض اوقات آپ کو پیٹ کے بل لیٹنے کی ہدایت بھی دی جا سکتی ہے۔ متعلقہ حصے کی صفائی اور جیل لگانے کے بعد ڈاکٹر ایک باریک الٹراساؤنڈ پروب آہستگی سے مقعد میں داخل کریں گے۔

ٹرانس ریکٹل الٹراساؤنڈ پروسٹیٹ کی تصاویر بناتا ہے۔ ڈاکٹر ان تصاویر کی مدد سے اس حصے کی نشاندہی کریں گے جہاں سن کرنے کے لیے انجیکشن لگایا جائے گا تاکہ بائیوپسی کے دوران تکلیف کم ہو۔ یہی تصاویر بائیوپسی کی سوئی کو درست جگہ تک پہنچانے کے لیے بھی استعمال کی جاتی ہیں۔

جب حصہ سن ہو جائے اور بائیوپسی کا آلہ مناسب جگہ پر پہنچ جائے تو ڈاکٹر سوئی کے ذریعے نمونے حاصل کریں گے۔ ہر بار نمونہ لینے پر معمولی اور مختصر تکلیف محسوس ہو سکتی ہے۔

ڈاکٹر کسی مشتبہ یا پروسٹیٹ کے مختلف حصوں سے نمونے حاصل کر سکتے ہیں۔ عموماً 10 سے 12 نمونے لیے جاتے ہیں۔ پورا عمل تقریباً 20 منٹ میں مکمل ہو جاتا ہے۔

پروسیجر کے بعد

آپ کا ڈاکٹر ممکنہ طور پر مشورہ دے گا کہ پروسٹیٹ بائیوپسی کے بعد 24 سے 48 گھنٹوں تک صرف ہلکی سرگرمیاں انجام دیں۔ ڈاکٹر چند دنوں کے لیے اینٹی بائیوٹک لینے کا مشورہ بھی دے سکتا ہے۔ اس کے علاوہ:

٭ مقعد میں ہلکی تکلیف محسوس ہو سکتی ہے، اور معمولی مقدار میں خون بہہ سکتا ہے

٭ چند دنوں تک پیشاب یا پاخانے میں خون آ سکتا ہے

٭ منی میں سرخی مائل یا زنگ آلود رنگت نظر آ سکتی ہے، جو خون کی معمولی مقدار کی وجہ سے ہوتی ہے۔ یہ کیفیت کئی ہفتوں تک برقرار رہ سکتی ہے

اگر درج ذیل علامات ظاہر ہوں تو اپنے ڈاکٹر سے رابطہ کریں:

٭ بخار

٭ پیشاب کرنے میں دشواری

٭ طویل یا زیادہ مقدار میں خون بہنا

٭ درد میں اضافہ

نتائج

پیتھالوجسٹ پروسٹیٹ بائیوپسی کے نمونوں کا جائزہ لیتا ہے۔ پیتھالوجسٹ یہ تعین کر سکتا ہے کہ حاصل کیا گیا ٹشو کینسر زدہ ہے یا نہیں۔ اگر کینسر موجود ہو تو وہ اس کی شدت کا اندازہ بھی لگا سکتا ہے۔ آپ کا ڈاکٹر پیتھالوجسٹ کی رپورٹ اور نتائج آپ کو تفصیل سے سمجھائے گا۔

آپ کی پیتھالوجی رپورٹ میں درج ذیل معلومات شامل ہو سکتی ہیں:

بائیوپسی نمونے کی تفصیل: رپورٹ کے اس حصے کو بعض اوقات "گراس ڈسکرپشن” کہا جاتا ہے۔ اس میں پروسٹیٹ ٹشو کے رنگ اور ساخت کی تفصیل شامل ہو سکتی ہے

خلیوں کی تفصیل: اس حصے میں بتایا جاتا ہے کہ خلیے خوردبین کے نیچے کیسے نظر آئے۔ پروسٹیٹ کینسر کے خلیات کو بعض اوقات "ایڈینوکارسینوما” کہا جاتا ہے۔ بعض صورتوں میں ایسے خلیات بھی ملتے ہیں جو غیر معمولی ہوتے ہیں مگر کینسر زدہ نہیں ہوتے۔

کینسر کی درجہ بندی: اگر پیتھالوجسٹ کینسر کی تشخیص کرے تو اسے گلیسن سکور (Gleason score) کے مطابق درجہ دیا جاتا ہے۔ یہ سکور دو نمبروں پر مشتمل ہوتا ہے اور 2 سے 10 تک ہو سکتا ہے، اگرچہ کم درجے والے سکور اب کم استعمال ہوتے ہیں۔

پروسٹیٹ بائیوپسی میں زیادہ تر گلیسن سکور 6 سے 10 کے درمیان ہوتے ہیں۔ سکور 6 کم درجے، سکور 7 درمیانے درجے، اور 8 سے 10 تک کے سکور ہائی گریڈ کینسر کی نشاندہی کرتے ہیں

پیتھالوجسٹ کی تشخیص: پیتھالوجی رپورٹ کے اس حصے میں حتمی تشخیص درج ہوتی ہے۔ اس میں اضافی تبصرے بھی شامل ہو سکتے ہیں، مثلاً مزید ٹیسٹ کروانے کی ضرورت ہے یا نہیں

نوٹ: یہ مضمون صرف قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں ہمیشہ اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

٭ ڈاکٹر سے رابطے کے لئے لنک پر کلک کریں:

https://www.shifa.com.pk/find-a-doctor?speciality=urologist

Vinkmag ad

Read Previous

بلیوپینکریاٹک ڈائیورژن ود ڈوڈینل سوئچ (بی پی ڈی/ڈی ایس)

Read Next

سکن بائیوپسی

Leave a Reply

Most Popular