بائیوپسی ایک میڈیکل پروسیجر ہے جس میں جسم سے خلیے یا جلد کا نمونہ لیا جاتا ہے۔ سکن بائیوپسی (Skin biopsy) کا مقصد مختلف جلدی بیماریوں اور کیفیات کی درست تشخیص، یا انہیں خارج از امکان قرار دینا ہوتا ہے۔ اس کے عام طریقے یہ ہیں:
شیو بائیوپسی
شیو بائیوپسی میں جلد کی اوپری تہوں کا ایک چھوٹا حصہ ہٹایا جاتا ہے۔ یہ تہیں ایپی ڈرمس اور ڈرمس کہلاتی ہیں۔ اس عمل کے بعد عام طور پر ٹانکوں کی ضرورت نہیں ہوتی۔
پنچ بائیوپسی
پنچ بائیوپسی میں جلد کا چھوٹا سا حصہ نکالا جاتا ہے، جس میں گہری تہیں بھی شامل ہو سکتی ہیں۔ نمونے میں ایپی ڈرمس، ڈرمس اور جلد کے نیچے چربی کی اوپری تہہ شامل ہو سکتی ہے۔ زخم بند کرنے کے لیے ٹانکے لگائے جا سکتے ہیں۔
ایکسائزیشنل بائیوپسی
ایکسائزیشنل بائیوپسی میں پوری گلٹی یا غیر معمولی جلدی حصہ ہٹا دیا جاتا ہے۔ اس میں اردگرد کی صحت مند جلد اور گہری تہیں بھی شامل ہو سکتی ہیں۔ زخم بند کرنے کے لیے ٹانکے لگائے جا سکتے ہیں۔
بائیوپسی کی قسم مریض کی علامات اور جسم کے اس حصے کے مطابق منتخب کی جاتی ہے جہاں یہ عمل کیا جانا ہو۔
کیوں کی جاتی ہے
ڈاکٹر بائیوپسی کے ذریعے مختلف جلدی امراض کی تشخیص یا علاج میں رہنمائی حاصل کرتے ہیں۔ ان میں شامل ہیں:
٭ ایکٹینک کیراٹوسس
٭ جلد کے چھالوں والے امراض
٭ جلد کا کینسر
٭ جلد کے ٹیگز
٭ غیر معمولی تل یا دیگر نشوونما
خطرات
جہاں سے جلد کا نمونہ لیا جاتا ہے، وہاں معمولی خون بہنے، نیلاہٹ اور انفیکشن کا خطرہ ہوتا ہے۔ ہلکا درد بھی ہو سکتا ہے جو عام طور پر درد کم کرنے والی ادویات سے کنٹرول ہو جاتا ہے۔ کچھ لوگوں کو بائیوپسی کے بعد لگائی جانے والی دوا سے جلن، خارش، سرخی یا سوجن ہو سکتی ہے۔
کچھ افراد میں زخم بھرنے کے بعد موٹا اور ابھرا ہوا داغ بن جاتا ہے۔ یہ زیادہ تر اُن افراد میں بنتا ہے جن کی جلد کا رنگ نسبتاً گہرا ہوتا ہے، اور گردن، کمر یا سینے پر زیادہ دیکھا جاتا ہے۔
بائیوپسی کی تیاری
زیادہ تر بائیوپسیز میں کسی خاص تیاری کی ضرورت نہیں ہوتی۔ ڈاکٹر آپ سے درج ذیل معلومات حاصل کر سکتا ہے:
٭ کیا آپ کو خون بہنے کی بیماری ہے
٭ کیا پہلے کسی میڈیکل پروسیجر کے بعد آپ کا زیادہ خون بہا ہے
٭ کیا آپ خون پتلا کرنے والی ادویات استعمال کرتے ہیں
٭ کیا آپ کو جلدی انفیکشن کی ہسٹری ہے
٭ کیا آپ کو ٹیپ، کریم یا جیل سے الرجی ہے
طریقہ کار
بائیوپسی کے مقام کے مطابق مریض کو گاؤن پہننے کو کہا جا سکتا ہے۔ جلد کو صاف کر کے نشان لگایا جاتا ہے اور سن کرنے والی دوا دی جاتی ہے۔ یہ دوا چند لمحوں کے لیے جلن پیدا کر سکتی ہے، لیکن بعد میں درد محسوس نہیں ہوتا۔ ڈاکٹر سوئی سے چیک کرتا ہے کہ جگہ مکمل طور پر سن ہو گئی ہے یا نہیں۔
٭ شیو بائیوپسی میں جلد کی اوپری تہہ کو بلیڈ یا ریزر سے ہٹایا جاتا ہے اور خون روکنے کے لیے پریشر دیا جاتا ہے
٭ پنچ یا ایکسائزیشنل بائیوپسی میں جلد کی گہری تہہ تک کٹ لگایا جاتا ہے اور ٹانکے لگائے جا سکتے ہیں
یہ عمل تقریباً 15 منٹ میں مکمل ہو جاتا ہے۔ کسی بھی تکلیف کی صورت میں طبی ٹیم کو فوراً آگاہ کیا جاتا ہے۔
پروسیجر کے بعد
نمونہ لیبارٹری میں بھیجا جاتا ہے جہاں اس کا تجزیہ کیا جاتا ہے۔ نتائج چند دنوں میں آ جاتے ہیں۔ ڈاکٹر آپ کو مکمل آگاہی فراہم کرتا ہے۔
زخم پر پٹی لگائی جاتی ہے اور بعض اوقات پریشر دیا جاتا ہے۔ اگر خون بہے تو 20 منٹ تک دباؤ دیں، پھر دوبارہ چیک کریں۔ اگر خون جاری رہے تو ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔
داغ وقت کے ساتھ مدھم ہو جاتا ہے اور 1 سے 2 سال میں حتمی رنگ اختیار کرتا ہے۔ زخم کو کھچنے اور گیلا ہونے سے بچایا جاتا ہے۔ شفا یابی میں چند ہفتے لگ سکتے ہیں جبکہ ٹانگوں کے زخم زیادہ دیر لیتے ہیں۔
زخم کی دیکھ بھال
٭ ہاتھ دھو کر زخم صاف کریں
٭ صابن اور پانی سے دھوئیں، یا سر پر ہو تو شیمپو استعمال کریں
٭ خشک کر کے پتلی تہہ میں پٹرولیم جیلی لگائیں
٭ 2 سے 3 دن تک پٹی لگائیں
اگر ٹانکے ہوں تو ان کے نکلنے تک کیئر جاری رکھیں۔ انفیکشن کی صورت میں ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔
نتائج
پیتھالوجسٹ نمونے کا تجزیہ کر کے رپورٹ تیار کرتا ہے۔ ڈاکٹر نتائج مریض کے ساتھ تفصیل سے زیر بحث لاتا ہے۔ بہتر سمجھ کے لیے کسی کو اپنے ساتھ لے جانا مفید ہو سکتا ہے۔
آپ ڈاکٹر سے یہ سوالات پوچھ سکتے ہیں:
٭ رزلٹ آنے کے بعد اگلا قدم کیا ہوگا؟
٭ کیا فالو اپ کی ضرورت ہو گی؟
٭ کیا کسی چیز نے نتائج کو متاثر کیا؟
٭ کیا ٹیسٹ دوبارہ ہوگا؟
٭ اگر کینسر ظاہر ہوا تو کیا اسے مکمل طور پر ہٹا دیا گیا؟ بائیوپسی کا بنیادی مقصد تشخیص ہوتا ہے، لیکن کچھ کیسز میں چھوٹا کینسر یا گلٹی اسی عمل میں مکمل طور پر نکالی بھی جا سکتی ہے۔
٭ کیا مزید علاج کی ضرورت ہوگی؟
نوٹ: یہ مضمون صرف قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں ہمیشہ اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔
٭ ڈاکٹر سے رابطے کے لئے لنک پر کلک کریں:
https://www.shifa.com.pk/find-a-doctor?speciality=dermatologist