پرائمری سکلروزنگ کولینجائٹس (Primary sclerosing cholangitis) جگر کی ایک نایاب اور طویل مدتی بیماری ہے۔ اس میں جگر کے اندر اور باہر موجود بائل ڈکٹس میں سوزش ہو جاتی ہے، اور داغ بنتے ہیں۔ نتیجتاً نالیاں تنگ ہوجاتی ہیں اور بائل کا بہاؤ متاثر ہوتا ہے۔ بائل جگر میں بننے والا مائع ہے، جو چکنائی ہضم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ اس کے جمع ہونے سے جگر کو نقصان پہنچتا ہے اور اس کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے۔
علامات
اس کے مریضوں کی تقریباً نصف تعداد میں تشخیص کے وقت کوئی علامت موجود نہیں ہوتی۔ جگر کو پہنچنے ولا نقصان بڑھنے کے ساتھ یہ علامات ظاہر ہوسکتی ہیں:
٭ شدید تھکاوٹ
٭ جسم پر خارش
٭ پیٹ کے اوپری حصے میں درد
٭ اسہال
٭ بائل ڈکٹس کے بار بار انفیکشن سے بخار
٭ آنکھوں کی سفیدی یا جلد کا پیلا ہونا، یعنی یرقان
ڈاکٹر سے کب رجوع کریں
جسم کے بڑے حصے پر مسلسل شدید خارش ہو تو ڈاکٹر سے رجوع کریں، خصوصاً جب وجہ واضح نہ ہو۔ مناسب آرام کے باوجود مسلسل شدید تھکاوٹ محسوس ہونے پر بھی طبی معائنہ کروائیں۔ بخار، پیٹ کے درد اور یرقان کا ایک ساتھ ظاہر ہونا فوری طبی معائنے کا تقاضا کرتا ہے۔
وجوہات
پرائمری سکلروزنگ کولینجائٹس کی اصل وجہ پوری طرح معلوم نہیں۔ اس میں مدافعتی نظام کی خرابی، جینیاتی رجحان اور ماحولیاتی عوامل کردار ادا کرسکتے ہیں۔ محققین کے مطابق مدافعتی نظام صحت مند ٹشوز کو نقصان پہنچانے میں بھی شامل ہوسکتا ہے۔
سوزش عموماً بیماری یا چوٹ کے خلاف جسم کا قدرتی ردِعمل ہوتی ہے۔ یہ صحت یابی میں مدد دیتی ہے، لیکن مسلسل سوزش ٹشوز کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔
خطرے کے عوامل
ان عوامل کا اس بیماری سے تعلق پایا گیا ہے:
٭ بیماری کسی بھی عمر میں ہوسکتی ہے، تاہم تشخیص عموماً درمیانی عمر میں ہوتی ہے
٭ خواتین کے مقابلے میں مردوں میں یہ بیماری زیادہ ہوتی ہے
٭ السرٹیو کولائٹس اور کرونز سمیت آنتوں کی سوزش کی بیماریوں سے اس کا تعلق ہے
٭ بعض جینیاتی تبدیلیاں بیماری کا خطرہ بڑھا سکتی ہیں
پیچیدگیاں
پرائمری سکلروزنگ کولینجائٹس سے یہ پیچیدگیاں پیدا ہوسکتی ہیں:
جگر کا سروسس: مسلسل نقصان سے جگر کے صحت مند ٹشوز کی جگہ داغ دار ٹشوز بننے لگتے ہیں۔ اسے سروسس کہتے ہیں، جس سے جگر کی کارکردگی کم ہوتی جاتی ہے
کینسر: بائل ڈکٹس اور پتّے کے کینسر کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ جگر اور لبلبے کے کینسر کا خطرہ بھی بڑھ سکتا ہے۔ اگر اس کے ساتھ آنتوں کی سوزش ہو تو بڑی آنت اور مقعد کے کینسر کا خطرہ بھی زیادہ ہوتا ہے
پورٹل ہائپرٹینشن: پورٹل وین نظامِ انہضام سے خون جگر تک پہنچاتی ہے۔ اس میں دباؤ بڑھنے کو پورٹل ہائپرٹینشن کہتے ہیں۔ اس سے اندرونی خون بہنے اور پیٹ میں سیال جمع ہونے کا خطرہ بڑھ سکتا ہے
بیکٹیریل انفیکشن: بائل ڈکٹس میں شدید رکاوٹ انفیکشن کا سبب بن سکتی ہے۔ نالیوں کو کھولنے کے بعض طبی طریقوں کے بعد بھی انفیکشن ہوسکتا ہے
ہڈیوں کی کمزوری: ہڈیاں کمزور اور بھربھری ہوسکتی ہیں، جسے آسٹیوپوروسس کہتے ہیں
وٹامنز کی کمی: بائل وٹامن اے، ڈی، ای اور کے جذب کرنے میں مدد دیتا ہے۔ اس کا بہاؤ متاثر ہونے سے ان وٹامنز کی کمی ہوسکتی ہے
تشخیص
ڈاکٹر علامات، میڈیکل ہسٹری اور معائنے کے ساتھ ان ٹیسٹوں کی مدد سے تشخیص کرتے ہیں:
خون کے ٹیسٹ: جگر کے خامروں اور دیگر متعلقہ مادّوں کی سطح دیکھی جاتی ہے
ایم آر سی پی: یہ ایم آر آئی کی مخصوص قسم ہے، جس سے بائل ڈکٹس کی تصاویر لی جاتی ہیں
ای آر سی پی: منتخب صورتوں میں اینڈوسکوپی، رنگ دار مادّے اور ایکسرے سے بائل ڈکٹس کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ اس دوران تنگ نالی کھولی یا نمونہ بھی لیا جاسکتا ہے۔ یہ تشخیص کا معمول کا پہلا ٹیسٹ نہیں
جگر کی بایوپسی: بعض صورتوں میں جگر کے ٹشو کا چھوٹا نمونہ لے کر معائنہ کیا جاتا ہے۔ ہر مریض کو اس کی ضرورت نہیں ہوتی
علاج
فی الحال کوئی دوا بیماری کی پیش رفت روکنے میں یقینی طور پر مؤثر ثابت نہیں ہوئی۔ علاج کا مقصد علامات اور پیچیدگیوں پر قابو پانا اور جگر کی نگرانی کرنا ہے۔ ضرورت کے مطابق خارش، انفیکشن، وٹامنز کی کمی اور ہڈیوں کی کمزوری کا علاج کیا جاتا ہے۔ تنگ بائل ڈکٹس کو بعض طبی طریقوں سے کھولا بھی جاسکتا ہے۔
جگر کی شدید خرابی یا سنگین پیچیدگیوں میں پیوندکاری کی ضرورت پڑسکتی ہے۔ کامیاب پیوندکاری کے بعد بھی بعض مریضوں میں بیماری دوبارہ ہوسکتی ہے۔
Frequently Asked Questions (FAQs)
کیا پرائمری سکلروزنگ کولینجائٹس ایک موروثی بیماری ہے؟
یہ سادہ موروثی انداز میں والدین سے بچوں کو منتقل ہونے والی بیماری نہیں۔ بعض جینیاتی عوامل اس کا خطرہ بڑھا سکتے ہیں۔
بیماری کی علامات کب ظاہر ہوتی ہیں؟
نہیں، تقریباً نصف مریضوں میں تشخیص کے وقت کوئی علامت نہیں ہوتی۔ جگر کا نقصان بڑھنے کے ساتھ علامات ظاہر ہوسکتی ہیں۔
کیا جگر کی پیوندکاری اس بیماری کا علاج ہے؟
شدید بیماری میں جگر کی پیوندکاری مؤثر علاج ہے، تاہم ہر مریض کو اس کی ضرورت نہیں ہوتی۔
کیا پرائمری سکلروزنگ کولینجائٹس دوبارہ ہوسکتا ہے؟
جی ہاں، جگر کی پیوندکاری کے بعد بھی بعض مریضوں میں یہ بیماری دوبارہ ہوسکتی ہے۔
نوٹ: یہ مضمون صرف قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ مزید معلومات کے لیے شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے ڈاکٹرز سے رجوع کریں۔