Vinkmag ad

بچپن میں شیزوفرینیا

Boy sitting alone on a chair, illustrating childhood schizophrenia

بچپن میں شیزوفرینیا (Childhood schizophrenia) ایک نایاب مگر سنگین ذہنی بیماری ہے۔ اس میں بچے حقیقت کو سمجھنے اور اس کے مطابق ردِعمل دینے میں دشواری محسوس کرتے ہیں۔ یہ بیماری سوچ، جذبات اور رویوں کو متاثر کرتی ہے۔ بچے کو ایسی چیزیں دکھائی یا آوازیں سنائی دے سکتی ہیں، جو حقیقت میں موجود نہیں ہوتیں۔ وہ غیر حقیقی خیالات پر یقین کرنے لگتا ہے اور اس کی گفتگو بے ربط ہوسکتی ہے۔

علامات

شیزوفرینیا میں سوچ، رویے اور جذبات سے متعلق مختلف مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ اہم علامات میں غیر حقیقی خیالات، غیر موجود آوازیں سننا، چیزیں دیکھنا اور بے ربط گفتگو شامل ہیں۔ ان علامات کی شدت وقت کے ساتھ کم یا زیادہ ہوسکتی ہے۔

شیزوفرینیا عموماً ٹین ایج کے آخری سالوں یا جوانی میں شروع ہوتا ہے۔ 18 سال سے پہلے آغاز کو ابتدائی عمر کا شیزوفرینیا کہتے ہیں۔ 13 سال سے کم عمر بچوں میں اس کا آغاز انتہائی نایاب ہے۔

ابتدائی علامات

بچوں میں شیزوفرینیا کی ابتدائی علامات پہچاننا مشکل ہوسکتا ہے۔ یہ عموماً سوچ، رویے اور جذبات میں تبدیلیوں کی صورت میں ظاہر ہوتی ہیں:

٭ سوچنے اور سمجھنے میں دشواری

٭ عجیب و غریب خیالات یا گفتگو

٭ خوابوں یا ٹیلی ویژن پر دکھائی جانے والی چیزوں کو حقیقت سمجھنا

٭ دوستوں اور خاندان سے دور رہنا

٭ نیند کے مسائل اور کام کرنے کی خواہش میں کمی

٭ تعلیمی کارکردگی متاثر ہونا

٭ نہانے اور کپڑے پہننے جیسے روزمرہ کام نظرانداز کرنا

٭ غیر معمولی یا جارحانہ رویہ اختیار کرنا

٭ نشہ آور یا نکوٹین والی اشیا کا استعمال

٭ چڑچڑاپن یا افسردگی

٭ جذبات کا اظہار نہ کرنا یا نامناسب ردِعمل دینا

٭ غیر معمولی خوف اور پریشانی

٭ دوسروں پر حد سے زیادہ شک کرنا

یہ علامات دوسری کیفیتوں میں بھی ظاہر ہوسکتی ہیں۔ صرف ان کی موجودگی سے شیزوفرینیا کی تشخیص نہیں ہوتی۔

بیماری کی نمایاں علامات

بیماری کی مخصوص علامات میں شامل ہیں:

٭ ایسے غیر حقیقی خیالات پر پختہ یقین، جو شواہد کے باوجود تبدیل نہ ہوں

٭ غیر موجود چیزیں دیکھنا یا آوازیں سننا

٭ بے ربط سوچ اور گفتگو

٭ غیر معمولی حرکات و رویے

٭ روزمرہ کام کرنے اور جذبات ظاہر کرنے کی صلاحیت میں کمی

ڈاکٹر سے کب رجوع کریں

بچے کی سوچ، جذبات، رویے یا نشوونما میں غیر معمولی تبدیلیاں آئیں تو جلد ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ اساتذہ بھی بچے کے رویے اور تعلیمی کارکردگی میں تبدیلیوں کی نشاندہی کرسکتے ہیں۔ ضرورت پڑنے پر بچوں اور ٹین ایجرز کے ماہرِ امراضِ نفسیات سے معائنہ کروائیں۔

بچہ خود کو یا دوسروں کو نقصان پہنچانے کا خطرہ ظاہر کرے تو فوری ہنگامی طبی مدد لیں۔

وجوہات

بچپن میں شیزوفرینیا کی اصل وجہ ابھی معلوم نہیں۔ خیال ہے کہ جینیاتی، دماغی اور ماحولیاتی عوامل مل کر اس کے آغاز میں کردار ادا کرتے ہیں۔ ممکنہ عوامل میں شامل ہیں:

٭ دماغ میں ڈوپامین اور گلوٹامیٹ جیسے کیمیائی مادوں کی کارکردگی میں فرق

٭ دماغ اور مرکزی اعصابی نظام کی ساخت میں فرق

٭ جینیاتی اور ماحولیاتی عوامل کا باہمی اثر

یہ واضح نہیں کہ بعض بچوں میں شیزوفرینیا اتنی کم عمر میں کیوں شروع ہوجاتا ہے۔

خطرے کے عوامل

بعض عوامل شیزوفرینیا کا خطرہ بڑھا سکتے ہیں:

٭ خاندان میں کسی فرد کو شیزوفرینیا ہونا

٭ والد کی زیادہ عمر

٭ حمل یا پیدائش کے دوران بعض پیچیدگیاں، مثلاً غذائی کمی یا آکسیجن کی کمی

٭ حمل کے دوران دماغی نشوونما متاثر کرنے والے بعض وائرسز یا زہریلے مادوں سے واسطہ پڑنا

٭ ٹین ایج میں ذہن پر اثر انداز ہونے والی نشہ آور اشیا کا استعمال

ان عوامل کی موجودگی کا مطلب یہ نہیں کہ بچے کو لازماً شیزوفرینیا ہوگا۔

پیچیدگیاں

بروقت علاج نہ ہونے سے شیزوفرینیا بچے کی ذہنی، جسمانی اور سماجی زندگی متاثر کرسکتا ہے۔ ممکنہ پیچیدگیوں میں شامل ہیں:

٭ خودکشی کے خیالات یا کوشش

٭ خود کو جسمانی نقصان پہنچانا

٭ بےچینی اور پینک ڈس آرڈر

٭ ڈپریشن اور او سی ڈی

٭ الکحل، نکوٹین یا دیگر نشہ آور اشیا کا استعمال

٭ خاندانی تنازعات اور سماجی تنہائی

٭ تعلیم اور بعد کی زندگی میں ملازمت کی مشکلات

٭ خودمختار زندگی گزارنے میں دشواری

٭ جسمانی اور دیگر طبی مسائل

٭ دوسروں کے ہاتھوں استحصال یا تشدد کا نشانہ بننا

٭ بعد کی زندگی میں قانونی، مالی یا رہائش کے مسائل

٭ جارحانہ رویہ، اگرچہ یہ نسبتاً کم عام ہے

بچاؤ کی تدابیر

شیزوفرینیا سے مکمل بچاؤ کا کوئی ثابت شدہ طریقہ موجود نہیں۔ ابتدائی علامات کی شناخت اور بروقت علاج سے سنگین پیچیدگیوں کا خطرہ کم ہوسکتا ہے۔ مسلسل علاج علامات قابو رکھنے اور روزمرہ زندگی بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے۔

تشخیص

بچپن میں شیزوفرینیا کی تشخیص سے پہلے دوسری ممکنہ وجوہات کی جانچ ضروری ہے۔ ڈاکٹر دوا، الکحل، نشہ آور اشیا یا جسمانی بیماری کے ممکنہ اثرات بھی جانچتا ہے۔

تشخیص کے عمل میں یہ طریقے شامل ہوسکتے ہیں:

٭ جسمانی معائنہ

٭ ضرورت کے مطابق ٹیسٹ اور سکریننگ

٭ نفسیاتی معائنہ

٭ شیزوفرینیا کے تشخیصی معیار کا جائزہ

شیزوفرینیا کی تصدیق کے لیے کوئی مخصوص لیبارٹری ٹیسٹ موجود نہیں۔ ٹیسٹ دوسری بیماریوں یا علامات کی ممکنہ وجوہات جانچنے کے لیے کیے جاتے ہیں۔

تشخیص کا مشکل عمل

بچپن میں شیزوفرینیا کی تشخیص میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔ ڈپریشن اور بائی پولر ڈس آرڈر جیسی بیماریوں کی علامات بھی ملتی جلتی ہوسکتی ہیں۔

بچوں کا ماہرِ امراضِ نفسیات کئی ماہ تک بچے کے رویوں، خیالات اور ادراک کا مشاہدہ کرسکتا ہے۔ وقت کے ساتھ علامات واضح ہونے پر تشخیص ممکن ہوتی ہے۔

بعض صورتوں میں ماہر حتمی تشخیص سے پہلے ادویات شروع کرنے کی تجویز دے سکتا ہے۔ ایسا جارحانہ رویے یا خود کو نقصان پہنچانے جیسی علامات قابو کرنے کے لیے کیا جاسکتا ہے۔

علاج

بچپن کے شیزوفرینیا میں عموماً زندگی بھر علاج اور نگہداشت کی ضرورت ہوتی ہے۔ علامات کم ہونے کے باوجود علاج جاری رکھنا ضروری ہے۔ اس کا مقصد علامات قابو کرنا اور بچے کی روزمرہ زندگی بہتر بنانا ہے۔

علاج بچوں اور نوعمروں کے ماہرِ امراضِ نفسیات کی نگرانی میں ہونا چاہیے۔ ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر دوا بند یا اس کی مقدار تبدیل نہ کریں۔

علاج کے بنیادی طریقے

٭ ادویات

٭ انفرادی اور خاندانی نفسیاتی تھراپی

٭ روزمرہ زندگی، سماجی اور تعلیمی مہارتوں کی تربیت

٭ ضرورت کے مطابق ہسپتال میں داخلہ

Frequently Asked Questions (FAQs)

کیا 13 سال سے کم عمر بچوں میں شیزوفرینیا ہوسکتا ہے؟

جی ہاں، لیکن اس عمر میں شیزوفرینیا کا آغاز انتہائی نایاب ہے۔ یہ بیماری عموماً ٹین ایج کے آخری سالوں میں یا نوجوانی میں شروع ہوتی ہے۔

کیا بچپن میں شیزوفرینیا کی علامات ختم ہوسکتی ہیں؟

علاج کے دوران علامات کم یا بظاہر ختم ہوسکتی ہیں، لیکن بیماری دائمی ہے۔ اس لیے مسلسل علاج اور طبی نگرانی ضروری ہے۔

کیا شیزوفرینیا کے شکار بچے تعلیم حاصل کرسکتے ہیں؟

جی ہاں، مناسب علاج اور تعلیمی معاونت سے بچے تعلیم حاصل کرسکتے ہیں۔ سماجی مہارتوں کی تربیت بھی روزمرہ سرگرمیوں میں مدد دیتی ہے۔

نوٹ: یہ مضمون صرف قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ طبی مشورے کے لیے شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے متعلقہ ماہر سے رجوع کریں۔

 

Vinkmag ad

Read Previous

ایکالیزیا: غذائی نالی کی خرابی سے نگلنے میں دشواری

Read Next

پرائمری سکلروزنگ کولینجائٹس: جگر کی نایاب اور طویل مدتی بیماری

Leave a Reply

Most Popular